حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ قم آیت اللہ سید محمد سعیدی نے کہا ہے کہ آیت اللہ العظمی جوادی آملی نے تفسیر تسنیم کے بین الاقوامی سیمینار میں تاکید کی کہ "ہماری ذمہ داری ہے کہ امام و امت کے نظام کو محفوظ رکھیں، کیونکہ انقلاب اسلامی حضرت ولی عصرؑ کی برکات و عنایات سے کامیاب ہوا، اور ہمیں امام فعلی (رہبر معظم) کو امام زمانہؑ کا جانشین سمجھنا چاہیے۔"
قم المقدسہ میں نماز جمعہ کے خطبے میں آیت اللہ سعیدی نے تفسیر تسنیم کے بین الاقوامی کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رہبر معظم انقلاب نے اس تفسیر کو شیعہ مکتب اور حوزہ علمیہ کے لیے باعث افتخار قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تفسیر میں عقلانی تفکر کے ذریعے بعض لطیف اور دقیق قرآنی مفاہیم کو بہتر انداز میں سمجھا جا سکتا ہے۔
آیت اللہ سعیدی نے آیت اللہ جوادی آملی کے حوالے سے کہا کہ "یہ کہ شہید سید حسن نصراللہ نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا، یہ سب قرآن کی برکتوں کا نتیجہ تھا۔ جب کوئی شخص قرآنی طرز زندگی اختیار کرتا ہے اور اہل بیتؑ کے فرامین پر عمل کرتا ہے تو بلند مقام حاصل کر لیتا ہے"۔
آیت اللہ سعیدی نے خطبے میں ماہ رمضان کے لئے آمادگی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امام رضاؑ کی ایک حدیث میں ذکر ہے کہ اس مقدس مہینے میں داخل ہونے سے پہلے استغفار، تلاوت قرآن، اور حقوق العباد کی ادائیگی ضروری ہے تاکہ پاکیزہ روح کے ساتھ اس مہینے میں داخل ہوا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام افراد کو ماہ رمضان کے تقدس کا احترام کرنا چاہیے، اور جو لوگ کسی عذر کی وجہ سے روزہ رکھنے سے قاصر ہیں، انہیں بھی ظاہری طور پر اس مہینے کی حرمت کا خیال رکھنا چاہیے۔
امام جمعہ قم نے اپنے خطبے کے اختتام پر مسلمانوں کو اسلامی اقدار، قرآنی تعلیمات اور ولایت فقیہ کے نظام کی حفاظت پر زور دیا اور کہا کہ یہی راستہ اسلامی معاشرے کی بقا اور ترقی کا ضامن ہے۔
آپ کا تبصرہ