منگل 23 ستمبر 2025 - 17:44
خواب یا کمزور دلائل سے دین کی تبلیغ ممکن نہیں، اتحاد ملت کا سب سے بڑا ہتھیار ہے

حوزہ/ مجمع تشخیص مصلحت نظام کے سربراہ آیت اللہ صادق آملی لاریجانی نے کہا ہے کہ دین کی تبلیغ محض خواب یا غیر مستند بیانات کی بنیاد پر نہیں کی جا سکتی، بلکہ اسے اجتہادی اور مضبوط دلائل کے ساتھ پیش کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ ملت کا سب سے بڑا ہتھیار اتحاد ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مدرسہ علمیہ حضرت ولی عصرؑ قم میں نئے تعلیمی سال کے پہلے درس خارج اصول فقہ سے خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ آملی لاریجانی نے 12 روزہ جنگ کی یاد دہانی کراتے ہوئے کہا کہ دشمن یہ سمجھ رہے تھے کہ ایران چند دنوں میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جائے گا، مگر عوام نے اختلافات اور معاشی مسائل کے باوجود اسلام اور وطن کے دفاع میں یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور یہی اتحاد ملت کی اصل طاقت ہے۔

انہوں نے اس جنگ کو دراصل امریکہ کے ساتھ براہِ راست مقابلہ قرار دیا اور اسرائیل کو "واشنگٹن کا پالتو جانور" کہا، یہ واضح کرتے ہوئے کہ اگر امریکی حمایت نہ ہو تو اسرائیل کا وجود باقی نہیں رہ سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ کے چوتھے اور پانچویں دن ہی امریکہ کو براہِ راست مداخلت کرنی پڑی۔

آیت اللہ آملی لاریجانی نے شہید کمانڈروں کی جگہ فوری نئے کمانڈروں کی تعیناتی اور رہبر معظم انقلاب کی اطمینان بخش قیادت کو "نصرت الٰہی کی علامت" قرار دیا اور کہا کہ رہبر معظم نے اپنے حکیمانہ بیانات اور مشوروں سے عوام اور محاذِ مقاومت کو استقامت بخشی۔

تبلیغ دین کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے خبردار کیا کہ بعض منبروں پر غیر مستند خوابوں اور کمزور تعبیرات کے ذریعے دین کو پیش کیا جا رہا ہے، جو درست نہیں۔ ان کے مطابق تبلیغ ہمیشہ اجتہاد اور اصولی بنیادوں پر ہونی چاہیے تاکہ اسلام کی صحیح شناخت ممکن ہو سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج کا معاشرہ پہلے سے زیادہ اسلام کی صحیح پہچان اور اخلاقی اقدار پر عمل کا محتاج ہے۔ انسان کو یہ سوچنا چاہیے کہ وہ اپنی لامحدود آخرت کے سفر میں کس زادِ راہ کے ساتھ جا رہا ہے۔ اگر دل زنگ آلود ہو جائے تو وہ روحانی رزق سے محروم رہ جاتا ہے۔

آیت اللہ آملی لاریجانی نے زور دیا کہ روحانیت کی پرواز کے لیے دو پروں کی ضرورت ہے: "دین کی صحیح شناخت" اور "دینی عمل"۔ عالمِ دین کو کتاب و سنت کے فہم کے ساتھ ساتھ اپنی عملی زندگی میں بھی اس کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

قابل ذکر ہے کہ ان کے دروس خارج ہفتے میں چار دن مدرسہ علمیہ حضرت ولی عصرؑ قم میں منعقد ہوتے ہیں، جہاں خارج اصول میں "علم اجمالی" اور خارج فقہ میں "کتاب الصوم" زیر بحث ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha