حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ قم المقدسہ کے نئے تعلیمی سال کے آغاز کی مناسبت سے دفترِ آیت اللہ شیخ باقر مقدسی کی جانب سے ایک شاندار تقریب مؤسسہ امام محمد تقی علیہ السّلام میں منعقد ہوئی، جس میں برصغیر کی علمی، ثقافتی اور مختلف طلباء تنظیموں کے سربراہان نے شرکت کی۔

اس تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت ڈاکٹر محمد الیاس عابدی نے حاصل کی، جبکہ جناب برادر محمد رضا نے بارگاہِ اہل البیت علیہم السّلام میں نذرانہ عقیدت پیش کیا اور مسئول دفتر آیت اللہ باقر مقدسی نے سپاس نامہ پیش کیا۔
اس تقریب سے مدیر مدرسہ امام علی علیہ السّلام حجت الاسلام نیاز علی اسدی، ایم ڈبلیو ایم قم کے سربراہ حجت الاسلام سید ذیشان حسنی اور مدرسہ امام المنتظر کے شعبۂ تعلیم کے معاون اور صدرِ انجمنِ طلاب کھرمنگ حجت الاسلام نثار عاملی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ باقر مقدسی داد و تحسین کے مستحق ہیں، کیونکہ انہوں نے طلباء کی تعلیمی ترقی کے لیے درس خارج کا سلسلہ شروع کیا ہے جو کہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر تعاون کرنا چاہیے، تاکہ استاد حوصلہ اور جذبے سے طلباء کی علمی ضرورت کو پورا کر سکیں۔
تقریب سے آیت اللہ باقر مقدسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حوزہ علمیہ قم ہماری فکری، نظریاتی اور عملی عظمت کا ایک روشن باب ہے؛ جس کی روشنی پوری دنیا میں پھیل گئی ہے اور یہ اس حدیث کا عملی نمونہ ہے جس میں کہا گیا ہے قم سے پوری دنیا میں علم کا نور پھیلے گا۔
تقریب میں حوزہ نیوز ایجنسی اُردو کے مسؤل جناب سید محمود رضوی بھی شریک تھے۔









آپ کا تبصرہ