جمعہ 19 ستمبر 2025 - 10:37
طلاب مستقبل کے رہنما اور امامِ عصرؑ کے لشکر کا مقدّمہ ہیں، حجۃ الاسلام و المسلمین عبد المجید حکیم الہیٰ

حوزہ/ نمائندۂ ولی فقیہ ہند حجۃ الاسلام و المسلمین ڈاکٹر عبدالمجید حکیم الہیٰ نے مدرسۂ شہید ثالثؒ قم المقدسہ کا خصوصی دورہ اور طلاب سے خطاب کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،نمائندۂ ولی فقیہ ہند حجۃ الاسلام و المسلمین ڈاکٹر عبدالمجید حکیم الہیٰ نے مدرسۂ شہید ثالثؒ قم المقدسہ کا خصوصی دورہ اور طلاب سے خطاب کیا۔ اس نشست کا آغاز قرآنِ کریم کی تلاوت سے ہوا، فاضل طالب علم جناب وجاہت نے اپنی دلنشین آواز میں تلاوتِ قرآن کا شرف حاصل کیا۔

طلاب مستقبل کے رہنما اور امامِ عصرؑ کے لشکر کا مقدّمہ ہیں، حجۃ الاسلام و المسلمین عبد المجید حکیم الہیٰ

محفل میں پیغمبرِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مدح میں جناب سید حمزہ زیدی نے پرخلوص اشعار پیش کیے، جبکہ مدرسہ شہید ثالثؒ کے سرود گروہ نے خوبصورت اور پرجوش کلام، امام زمان عج کی شان میں پیش کرکے محفل کو مزید نورانی بنا دیا۔

بعد ازاں مدرسے کے مدیر حجت الاسلام والمسلمین جویباری نے خطاب کیا اور مدرسۂ شہید ثالثؒ کی علمی، دینی اور تربیتی خدمات پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے وضاحت کی کہ یہ مدرسہ اپنی تاسیس سے اب تک تعلیم و تربیت، اخلاق و کردار اور دینی بیداری کے میدان میں ایک نمایاں مقام رکھتا ہے، جہاں ہندوستان کے مختلف شہروں سے آنے والے طلاب اپنی علمی پیاس بجھاتے ہیں اور مستقبل کے مبلّغ و خادمِ دین کے طور پر تیار ہوتے ہیں۔

تقریب کے دوران طلاب و اساتید نے سابق نمائندۂ ولی فقیہ ہند حجت الاسلام والمسلمین حاج مہدی مہدوی پور کے خلوص و ایثار، پدرانہ شفقت اور مشفقانہ رہنمائی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ سب نے ان کی خدمات کو تاریخ کے سنہری اوراق میں شمار کیا اور دعا کی کہ خداوند متعال انہیں صحت و سلامتی اور مزید توفیقات سے نوازے۔ اس کے ساتھ موجودہ نمائندۂ ولی فقیہ ہند حجت الاسلام والمسلمین حکیم الہیٰ کی تشریف آوری پر بھی صمیمِ قلب سے شکریہ اور مسرت کا اظہار کیا گیا۔

اختتامی خطاب میں ڈاکٹر حکیم الہیٰ نے طلاب کرام کو گراں قدر اور بصیرت افروز ہدایات سے نوازا۔

انہوں نے کہا کہ “اے عزیز طلاب! آپ دنیا کے آٹھ ارب اور تہتر ملین انسانوں میں سے وہ منتخب افراد ہیں، جنہیں خداوند متعال نے اپنی خاص عنایت سے دینِ مبین اسلام کی خدمت کے لئے برگزیدہ فرمایا ہے۔ یہ ایک عظیم الٰہی نعمت ہے، اس کی قدر کریں اور اپنی ہر سانس کو خدا، دین اور امام زمانہ (عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف) کی خوشنودی کے لئے وقف کریں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ “یاد رکھیں! آپ صرف ایک طالب علم نہیں، بلکہ مستقبل کے رہنما، مبلغ اور دین کے حقیقی سپاہی ہیں۔ آپ کی ذمہ داری صرف علم حاصل کرنے تک محدود نہیں، بلکہ اپنے کردار، تقویٰ، صبر اور خدمت کے ذریعے امام زمانہؑ کے حقیقی سرباز بننا ہے۔ امام کی نصرت صرف زبان یا دعا سے نہیں، بلکہ عمل، خدمت اور اخلاص سے حاصل ہوتی ہے۔ امامِ عصرؑ ہم سب پر نگاہ رکھتے ہیں اور آپ طلاب ان کے لشکر کا مقدّمہ ہیں۔ اس ذمہ داری کو ہمیشہ اپنے دل میں زندہ رکھیں۔”

حجت الاسلام حکیم الہیٰ نے مدرسہ شہید ثالثؒ کے مستقبل کے حوالے سے اپنے عزم و ارادے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “جیسے حجت الاسلام آقائے مہدوی پور نے اپنی گراں قدر کوششیں مدرسۂ شہید ثالثؒ کی خدمت کے لئے وقف کی ہیں، اسی طرح میں بھی اپنی بھرپور توانائیاں اس علمی و تربیتی مرکز کی خدمت میں صرف کروں گا۔ یہ مدرسہ صرف ایک درسگاہ نہیں بلکہ ایمان و بصیرت کا قلعہ ہے، جہاں سے مستقبل کے مصلح، مبلغ اور راہنما تیار ہوں گے۔”

نمائندۂ ولی فقیہ ہند نے اپنے دورے کے دوران مدرسہ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا جن میں خواب گاہ، کلاس رومز اور تربیتی شعبے شامل تھے۔

انہوں نے طلاب کے حالات، ان کے تعلیمی و اخلاقی ماحول اور ان کی روزمرہ زندگی کو قریب سے دیکھا اور مدرسہ کے ذمہ داران سے تفصیلی گفتگو بھی کی۔

یہ نورانی اور روحانی محفل نہایت معنوی فضا میں اختتام پذیر ہوئی۔ آخر میں دعا کی گئی کہ خداوند متعال مدرسۂ شہید ثالثؒ کے طلاب کو دین کے بہترین خدمت گزار بنائے، ان کے دلوں میں عشقِ اہل بیتؑ اور امام زمانہؑ کی نصرت کا جذبہ ہمیشہ زندہ رکھے، اور ان کے قدموں کو استقامت و کامیابی عطا فرمائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha