حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان کے تاریخی شہر لکھنؤ میں نبی اکرم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے موقع پر ایک پُروقار جشن منعقد ہوا، جس میں علما، اساتذہ اور کثیر تعداد میں طلاب نے شرکت کی۔ اس محفل سے ہندوستان میں جامعۃ المصطفی العالمیہ کے نمائندے حجۃ الاسلام والمسلمین سید کمال حسینی نے خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے "سیرتِ نبوی" پر روشنی ڈالتے ہوئے امام حسین علیہ السلام کی وہ روایت بیان کی جس میں آپ نے اپنے والد گرامی امیر المؤمنین حضرت علی علیہ السلام سے رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے گھریلو معمولات کے بارے میں دریافت کیا تھا۔ حضرت علیؑ نے جواب میں فرمایا کہ رسول اکرمؐ جب گھر تشریف لاتے تو اپنا وقت تین حصوں میں تقسیم کرتے: ایک حصہ اللہ کی عبادت کے لیے، ایک اہل خانہ کے لیے اور ایک اپنی ذاتی ضرورت کے لیے۔ پھر اس ذاتی وقت کو بھی لوگوں کے درمیان تقسیم فرما دیتے اور عام و خاص سب کو وقت دیتے اور کسی سے دریغ نہ کرتے۔
حجۃ الاسلام والمسلمین حسینی نے اس موقع پر زور دیا کہ طلاب اور مومنین اپنی زندگی کو اسی اصول کے مطابق منظم کریں اور سیرت نبوی کو اپنا عملی نمونہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر مؤمن کو چاہیے کہ اپنی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو عبادت، اخلاق، خاندانی تعلقات اور سماجی ذمہ داریوں کی بنیاد پر ترتیب دے تاکہ ایک متوازن اور کامیاب زندگی بسر کی جا سکے۔









آپ کا تبصرہ