جمعہ 3 اکتوبر 2025 - 20:30
جامعۃ المصطفیٰ شعبۂ کراچی میں ولادتِ امام حسن عسکریؑ کی مناسبت سے جشنِ میلاد کا انعقاد؛ قلمی و ثقافتی سرگرمیوں میں فعال طلاب کو انعامات سے نوازا گیا

حوزہ/جامعۃ المصطفیٰ شعبۂ کراچی پاکستان میں ولادتِ باسعادت امام حسن عسکریؑ کی مناسبت سے ایک پروقار جشنِ میلاد کا انعقاد کیا گیا؛ اس موقع پر علمی، تحقیقی اور ثقافتی میدان میں سرگرم طلاب کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے نمایاں خدمات انجام دینے والے طلباء کو انعامات سے نوازا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعۃ المصطفیٰ شعبۂ کراچی پاکستان میں ولادتِ باسعادت امام حسن عسکریؑ کی مناسبت سے ایک پروقار جشنِ میلاد کا انعقاد کیا گیا؛ اس موقع پر علمی، تحقیقی اور ثقافتی میدان میں سرگرم طلاب کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے نمایاں خدمات انجام دینے والے طلباء کو انعامات سے نوازا گیا۔

اس موقع پر طلاب کی تحقیقی و ثقافتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے، سیرتِ صادقینؑ پر مضمون نویسی، دروس کے خلاصے اور پروگراموں کی رپورٹس تحریر کرنے والے طلباء کے ساتھ ساتھ، حسن قرائت، نعت و منقبت اور تقریری مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں کو بھی اعزازات سے نوازا گیا۔

طلاب نے سیرتِ صادقینؑ پر کالم و مضامین،دروس کے خلاصے اور رپورٹس لکھیں، جبکہ حسن قرائت، تقریر اور نعت کے مقابلوں میں بھی بڑی تعداد میں طلاب نے بھرپور شرکت کی۔

شعبۂ تحقیق و تربیت اور ثقافت کی جانب سے ان گراں قدر علمی خدمات پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے معزز اساتذہ کے دستِ مبارک سے انعامات تقسیم کیے گئے۔

جشنِ میلاد سے خطاب کرتے ہوئے جامعۃ المصطفیٰ کراچی کے مدیر، حجۃ الاسلام سید عمار ہمدانی نے امام حسن عسکریؑ کی زندگی کا مختصر جائزہ پیش کیا اور امامؑ کے پانچ اہم اقدامات کے ساتھ ساتھ آپ کے بعض گرانقدر فرامین بیان کیے۔

انہوں نے کہا کہ امام عسکریؑ نے نہایت سخت حالات میں، لوگوں کو غیبت کے دور کے لیے تیار کرنے کی خاطر نظامِ وکالت قائم کیا۔ حکومتی دباؤ اور سختیوں کے باوجود امامؑ نے اپنے خاص اصحاب کے ذریعے پیروکاروں سے رابطہ برقرار رکھا اور ان کے مسائل کا حل فراہم کیا۔

اس موقع پر حجۃ الاسلام ڈاکٹر سید نسیم حیدر زیدی نے طلاب کی علمی محنت، ذوقِ مطالعہ اور تحقیقی رجحان کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

انہوں نے عالمِ اسلام کی فتح و نصرت اور استکبارِ عالم کی نابودی کے لیے خصوصی دعا کی اور بالخصوص مظلومینِ غزہ کے حق میں دعا کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha