۱۵ مهر ۱۴۰۳ |۲ ربیع‌الثانی ۱۴۴۶ | Oct 6, 2024
شہادت امام حسن العسکریؑ کی مناسبت سے شالنہ بڈگام میں مجلس کا انعقاد؛

حوزہ/ بڈگام میں ادارہ الزہرا سلام اللہ علیہا ٹرسٹ کے زیر اہتمام امام حسن عسکریؑ کی شہادت کی مناسبت سے ایک پُروقار مجلسِ حسینی کا انعقاد کیا گیا، جس میں وادی کے مختلف علاقوں کے معروف نوحہ خوانوں نے شرکت کی اور امامؑ کی پاکیزہ سیرت پر روشنی ڈالی۔ مجلس میں شیخ فردوس اور حجت الاسلام مولانا غلام محمد گلزار نے امامؑ کی حیاتِ طیبہ اور ان کی دینی و روحانی خدمات کو اجاگر کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بڈگام/ ادارہ الزہرا سلام اللہ علیہا ٹرسٹ کی جانب سے بڈگام کے علاقے شالنہ میں امام حسن عسکریؑ کی شہادت کی مناسبت سے ایک پُروقار مجلسِ حسینی کا انعقاد کیا گیا۔ یہ مجلس ادارہ الزہرا سلام اللہ علیہا کے صدر دفتر پر منعقد ہوئی، جس میں وادی کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے مشہور و معروف نوحہ خوانوں نے نوحہ خوانی کر کے گیارہویں امامؑ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ان میں دائرہ حسینیؑ باغبان پورہ، لبرتل، لکھری پورہ، اور بمنہ کے نوحہ خوان قابل ذکر ہیں۔

مجلس میں حجت الاسلام مولانا غلام محمد گلزار نے امام حسن عسکریؑ کی پاکیزہ سیرت اور ان کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی اور امام کی دینی، علمی اور روحانی خدمات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ امام نے اپنے مختصر دورِ امامت میں علم و ہدایت کے جو چراغ روشن کیے، ان سے دنیا آج تک منور ہے، اور امامؑ کی زندگی کا ہر پہلو ہمیں صبر، قربانی، اور دین کی سربلندی کا درس دیتا ہے۔

"رحمتہ العالمین ﷺ" تنظیم کے چیئرمین، شیخ فردوس نے بھی مجلس میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسی مجالس کا انعقاد جاری رہنا چاہیے تاکہ زمانۂ مادیت میں ہم اپنے آئمہ اطہارؑ کی علمی، دینی اور روحانی خدمات سے آشنا رہ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ امام حسن عسکریؑ کی زندگی ہمیں مشکلات کے باوجود ثابت قدمی اور دینی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کا درس دیتی ہے۔

وادی کے مشہور شاعر اور قلم کار، سید اختر حسین اختر بھی مجلس میں بحیثیتِ مہمان خصوصی شریک رہے، اور ان کے نوحے بھی مجلس کے دوران پڑھے گئے۔

مجلس میں بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی اور امام حسن عسکریؑ کی بارگاہ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ نوحہ خوانوں کی پرسوز نوحہ خوانی نے مجلس کے شرکاء کو جذباتی کردیا، اور ہر طرف ایک روحانی ماحول قائم رہا۔

تقریب کے آخر میں بہترین نوحہ پیش کرنے والوں کو انعامات سے نوازا گیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .