حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امامیہ میڈکس انٹرنیشنل ٹرسٹ علی گڑھ کی ایک نہایت اہم اور قابل قدر و افتخار شروعات سوپر 72 کوچنگ اینڈ گائیڈنس (رہائشی) سینٹر جو کہ ہونہار، محنتی اور ذہین طلبہ و طالبات سے مختص ہے؛ جہاں کے کامیاب طلبہ کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد کی گئی۔

تقریب میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اساتذہ کے علاوہ قوم و ملت کی مشہور و معروف شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں مہمان خصوصی آیت اللّٰه العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی کے وکیل حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید اشرف علی الغروی (لکھنؤ) تھے۔
مولانا شاہد میثم نے اپنی تقریر میں سوپر 72 کی ضرورت اور اس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے قوم کو اس طرف متوجہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ طلباء اس بے نظیر اور بہترین ادارے سے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کریں اور قوم کے خیر خواہ حضرات اس ادارے کی ترقی اور بقا کے لیے عملی تعاون پیش کریں۔
اس ادارے کے بانی و ڈائریکٹر اور روح و رواں ڈاکٹر وصی جعفری صاحب نے ادارہ کی سالانہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے سوپر 72 کے قیام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور اپنے معاونین کے ساتھ ساتھ قوم کے محسنین کا شکریہ ادا کیا جن کی مدد سے یہ سینٹر تعمیر ہوا اور خدمات کا سلسلہ جاری ہے۔
بعد ازاں طلباء کی ہمت افزائی کے لیے حجت الاسلام والمسلمین مولانا اشرف علی الغروی کے دست مبارک سے طلباء کو مو منٹو پیش کیا گیا اور ایم بی بی ایس میں داخلہ حاصل کرنے والے طلباء کو پروفیسر عباس وسیم و ڈاکٹر حیدر حسینی صاحبان نے White Coat پہنا کر ہمت افزائی کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی مولانا سید اشرف علی غروی نے خطبۂ صدارت پیش کرتے ہوئے سب سے پہلے مؤمنین کی خدمت میں آیت اللّٰه العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی کا سلام پیش کیا اور مرجع عالی قدر کا پیغام پہنچایا کہ آپ نے یہ پیغام بھیجا ہے کہ ہمارے نوجوان اپنے آپ کو زیور علم سے زیادہ سے زیادہ آراستہ کریں اور دنیوی و دینی تعلیم دونوں میں بام عروج پر پہنچیں۔

انہوں نے کہا کہ آیت اللّٰہ العظمیٰ سیستانی کا پیغام یہ بھی ہے کہ آپ لوگ سائنسی علوم میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔
مولانا نے سوپر 72 کوچنگ اینڈ گائیڈنس کی عمارت، طرزِ تعلیم اور جملہ نظام کا باریکی سے معائنہ کرنے کے بعد کہا کہ یہاں پر سب سے قابلِ قدر و اطمینان بات یہ ہے کہ یہاں جہاں طلبہ کو میڈیکل اور انجینئرنگ کے داخلہ امتحان میں کامیاب ہونے کے لیے بہترین کوچنگ کروائی جا رہی ہے وہیں تربیت کا بھی معقول و اطمینان بخش انتظام ہے۔









آپ کا تبصرہ