حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان بھر میں شہیدِ راہِ حق، مجاہدِ اسلام سید حسن نصر اللہؒ کی پہلی برسی نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر مختلف شہروں میں مجالسِ عزا، تعزیتی اجتماعات اور آن لائن پروگرامز کا انعقاد کیا گیا، جن میں علمائے کرام سمیت مختلف شعبۂ حیات سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کر کے شہیدؒ کی خدمات، افکار اور مشن کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہی سلسلۂ تعزیتی پروگرامز کے تحت HADANA آرگنائزیشن کی جانب سے ایک خصوصی آن لائن ویبینار کا اہتمام کیا گیا، جس میں ملک کے مختلف حصوں سے بڑی تعداد میں شرکاء نے شرکت کی۔ اس ویبینار میں ممتاز علمائے کرام نے شہید سید حسن نصر اللہؒ کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کے مقصدِ حیات اور مشن کو عوام تک مزید مؤثر انداز میں پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ویبینار میں مولانا آغا منور علی (حیدرآباد)، مولانا سید محمد فیاض باقر (بمبئی)، اور مولانا اختر عباس جون (لکھنؤ) نے مدینہ منورہ سے آن لائن شرکت کر کے خطاب فرمایا۔ اس کے علاوہ جناب عزادار حسین عابدی (سہارنپور) نے اپنی پُراثر اور دلنشین شاعری کے ذریعے شہیدؒ کو منظوم خراجِ عقیدت پیش کیا۔
"شہادت سے بڑھ کر کوئی نیکی نہیں" — مولانا آغا منور علی
حیدرآباد کے امامِ جمعہ مولانا آغا منور علی نے اپنے خطاب میں شہداء کی زندگی اور ان کے درجات کی بلندی پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا:
"ہر نیکی سے بڑھ کر ایک نیکی ضرور ہے، مگر شہادت سے بڑھ کر کوئی نیکی نہیں۔"
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ کی تدبیر کے سامنے صہیونی طاقتوں کی تمام سازشیں جلد ہی ناکام ہو جائیں گی۔
شہید کی محبت عہدِ خدا کی یاد دلاتی ہے" — مولانا فیاض باقر
ممبئی کے زیب پلیس کے امامِ جمعہ مولانا سید محمد فیاض باقر نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ "انا علي العهد" کا نعرہ مومنین کو اس عہد کی یاد دلاتا ہے جو انہوں نے اپنے خدا سے کیا ہے، اور شہید کی محبت اسی عہد پر مزید پختگی کے ساتھ قائم رہنے کا جذبہ عطا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا:
"دشمن آج بھی شہید اور ان کے پیغام سے اتنا خوفزدہ ہے کہ ان کی تصویر اور پیغام کو سوشل میڈیا سمیت دیگر ذرائع سے مٹانے کی ناکام کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔"
"رُحَمَاءُ بَيْنَهُمْ أَشِدَّاءُ عَلَى الْكُفَّارِ کے حقیقی مصداق" — مولانا اختر عباس جون
لکھنؤ کے معروف عالمِ دین مولانا اختر عباس جون نے مدینہ منورہ سے اپنے پیغام میں قرآن کریم کی آیت
"رُحَمَاءُ بَيْنَهُمْ أَشِدَّاءُ عَلَى الْكُفَّارِ"
کا مصداق شہید سید حسن نصر اللہؒ کو قرار دیا۔ انہوں نے شہید کے ساتھ اپنی ملاقات کو یاد کرتے ہوئے کہا:
"جب وہ حوزہ علمیہ تشریف لائے تھے تو ان کی مسکراہٹ دلوں کو مسحور کر دینے والی تھی، اور ان کے دشمن کے خلاف بیانات اس قدر مضبوط اور جرات مندانہ تھے کہ دشمن ہمیشہ ان سے خائف رہا۔"
انہوں نے مزید کہا کہ زیارات کی فضیلت اپنی جگہ مسلم ہے، لیکن اصل سعادت رسولِ خدا ﷺ، اہلِ بیتؑ اور شہداء کے ساتھ معیت و ہمراہی میں مضمر ہے۔
اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کے لیے ویب سائٹ کا اجرا
پروگرام کے اختتام پر حیدرآباد کے مؤمنین کی جانب سے تیار کردہ ویب سائٹ aoegaza.com بھی پیش کی گئی، جس کے ذریعے صارفین اسرائیلی مصنوعات کی شناخت اور ان کے بائیکاٹ میں بآسانی معاونت حاصل کر سکیں گے۔










آپ کا تبصرہ