حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان کے شہر لکھنؤ میں واقع مدرسہ زینبیہؑ میں ایک خصوصی درسِ اخلاق منعقد ہوا جس میں جامعة المصطفیٰ کے نمائندے حجۃ الاسلام والمسلمین سید کمال حسینی نے شرکت کرتے ہوئے خصوصی خطاب کیا۔ یہ نشست اس موقع پر ہوئی جب انہوں نے مدرسہ زینبیہؑ کا دورہ کیا اور اساتذہ کے ساتھ ایک اجلاس میں بھی شریک ہوئے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے "قرآن میں خواتین کے نمونے" کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روحانی اور معنوی ارتقا صرف مردوں تک محدود نہیں بلکہ خواتین بھی بلند مقامات تک پہنچ سکتی ہیں۔ انہوں نے قرآن کریم میں حضرت مریمؑ اور آسیہؑ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں عظیم خواتین امت کے لیے عملی نمونہ ہیں۔
مزید وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے ابو القاسم قشیری کی ایک روایت نقل کی کہ ایک دن حضرت فضہؑ، جو حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی خدمت گزار تھیں، بیابان میں قافلے سے جدا ہو گئیں۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ آپ کہاں سے آ رہی ہیں اور کہاں جا رہی ہیں تو انہوں نے اپنے تمام جوابات براہِ راست آیاتِ قرآن سے دیے۔
حجۃ الاسلام والمسلمین حسینی نے کہا کہ یہ واقعہ اس حقیقت کی دلیل ہے کہ خواتین قرآن کی برکت سے بلند روحانی مقامات حاصل کر سکتی ہیں اور ان کی سیرت طلاب کے لیے اخلاقی و معنوی نمونہ ہے۔

06:42 - 2025/09/18









آپ کا تبصرہ