جمعہ 28 فروری 2025 - 22:00
رمضان، خودسازی اور استقامت کا مہینہ: آیت اللہ کعبی

حوزہ/ رمضان، مجلس خبرگان رہبری کے رکن، آیت اللہ عباس کعبی نے ماہ مبارک رمضان کو خدا کی طرف سے ایک عظیم تحفہ اور ایمان کی تقویت، اعمال صالحہ کی انجام دہی، اور ایثار و قربانی کا بہترین موقع قرار دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رمضان، مجلس خبرگان رہبری کے رکن، آیت اللہ عباس کعبی نے ماہ مبارک رمضان کو خدا کی طرف سے ایک عظیم تحفہ اور ایمان کی تقویت، اعمال صالحہ کی انجام دہی، اور ایثار و قربانی کا بہترین موقع قرار دیا۔

انہوں نے حوزہ نیوز سے گفتگو میں کہا کہ رمضان المبارک صرف عبادت اور خودسازی کا مہینہ نہیں، بلکہ یہ جهاد اور استقامت کا مہینہ بھی ہے۔ امام خمینیؒ نے غزوات سے الہام لیتے ہوئے فرمایا تھا کہ رمضان، جهاد کا بھی مہینہ ہے۔ اسی بنیاد پر امام خمینیؒ نے ماہ رمضان کے آخری جمعہ کو یوم القدس قرار دیا تاکہ مسلمان زبان روزہ کے ساتھ، نیت قربتاً الی اللہ کے ذریعے، ظلم کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔

آیت اللہ کعبی نے اس سال یوم القدس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن عالمی صہیونیت اور ظلم کے خلاف ایک مضبوط پیغام ہوگا اور مسلمانوں کے اتحاد و استقامت کا مظہر بنے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح ایران میں انقلاب اسلامی کی چھیالیسویں سالگرہ شاندار طریقے سے منائی گئی، اسی طرح یوم القدس کی ریلیاں بھی اس سال بھرپور انداز میں منعقد ہوں گی۔

انہوں نے قرآن کریم کی تلاوت اور اس کے پیغام پر عمل کرنے کی بھی تاکید کی۔ ان کے مطابق، رمضان میں اجتماعی قرآنی محافل، مساجد میں قرآن خوانی، اور دینی و روحانی نشوت کا انعقاد انتہائی ضروری ہے تاکہ معاشرے میں معنویت کو فروغ ملے۔

انہوں نے مسلمانوں کو متنبہ کیا کہ رمضان کے روحانی لمحات کو ضائع نہ کریں اور اپنا زیادہ وقت ٹی وی یا سوشل میڈیا میں صرف کرنے کے بجائے عبادات، تقویٰ اور ذکر الہی میں گزاریں، کیونکہ یہی چیزیں ایمان کو مضبوط کرتی ہیں۔

آیت اللہ کعبی نے ہمدردی اور مستحقین کی مدد کو رمضان کے بنیادی پیغامات میں سے ایک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ صدقہ دینا، مساکین کی مدد کرنا، اور روزہ داروں کو افطار کرانا نہ صرف مشکلات کو دور کرتا ہے بلکہ روح کی پاکیزگی اور تقویٰ میں بھی اضافہ کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان کا سب سے اہم پیغام تقویٰ ہے، اور ہمیں اس مہینے میں اپنے اعمال کا محاسبہ کرتے ہوئے حدود الہی سے تجاوز کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ اگر ہم سے کوئی گناہ سرزد ہو تو فوراً توبہ کریں اور یاد رکھیں کہ ہم خدا کی میزبانی میں ہیں، جہاں سب سے بڑی نعمت ہمارے اعمال کی قبولیت ہے۔

آخر میں، آیت اللہ کعبی نے دعا کی کہ اللہ ہمیں اس مہینے میں روحانی ترقی کی توفیق دے اور عید الفطر کو ہمارے لیے حقیقی کامیابی اور سعادت کا دن قرار دے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha