حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، حوزہ علمیہ خراسان کے مدیر حجت الاسلام والمسلمین علی خیاط نے رمضان المبارک کی آمد پر مبلغین کے نام پیغام جاری کیا ہے، جس میں اس مہینے کو نہ صرف خودسازی اور تزکیہ نفس کا موقع قرار دیا بلکہ الٰہی اہداف کی تجدید اور معارف محمدی (ص) کی ترویج کے لیے سنہری موقع بھی بیان کیا ہے۔ ان کے اس پیغام کا خلاصہ درج ذیل ہے:
بسم الله الرحمن الرحیم
"شَهْرُ رَمَضَانَ الَّذِی أُنْزِلَ فِیهِ الْقُرْآنُ هُدًی لِلنَّاسِ وَبَیِّنَاتٍ مِنَ الْهُدَی وَالْفُرْقَانِ" (بقره/۱۸۵)
عبادات میں شعور اور علم کا ہونا ضروری ہے، تاکہ عبادات کی روحانی تاثیر میں اضافہ ہو سکے۔ قرآن کریم کی آیت"وَکَذَٰلِکَ جَعَلْنَاکُمْ أُمَّةً وَسَطًا" (بقره/۱۴۳) کی روشنی میں مبلغین کو تلقین کی جاتی ہے کہ وہ معاشرتی اور عالمی مسائل سے باخبر رہیں اور ان کا صحیح تجزیہ پیش کریں تاکہ دین کی تبلیغ عصرِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق مؤثر واقع ہو۔
حجت الاسلام والمسلمین خیاط نے آیت کریمہ "وَأَعِدُّوا لَهُمْ مَا اسْتَطَعْتُمْ مِنْ قُوَّةٍ وَمِنْ رِبَاطِ الْخَیْلِ تُرْهِبُونَ بِهِ عَدُوَّ اللَّهِ وَعَدُوَّکُمْ" (انفال/۶۰) کے تحت مقاومت اور استقامت کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا: خداوند متعال فرماتا ہے کہ "(اے مسلمانو!) تم جس قدر استطاعت رکھتے ہو ان (کفار) کے لئے قوت و طاقت اور بندھے ہوئے گھوڑے تیار رکھو۔ تاکہ تم اس (جنگی تیاری) سے خدا کے دشمن اور اپنے دشمن کو اور ان کھلے دشمنوں کے علاوہ دوسرے لوگوں (منافقوں) کو خوفزدہ کر سکو۔ مبلغینِ دین کو ہر میدان میں مضبوط اور مستحکم ہونا چاہیے لہذا ہمیں چاہئے کہ ہم عالمی استکبار اور بین الاقوامی صیہونیت کے خلاف برسرپیکار محورِ مقاومت کی حمایت کریں اور ملت اسلامیہ کے وقار اور اقتدار کے تحفظ میں اس کے کردار کو بیان کریں۔
انہوں نے حدیث قدسی "مَا یَتَقَرَّبُ إِلَیَّ عَبْدِی بِشَیْءٍ أَحَبَّ إِلَیَّ مِمَّا افْتَرَضْتُ عَلَیْهِ" (مفتاح الفلاح /ج یک /ص۳۶۷) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا:خداوند متعال فرماتا ہے کہ "کوئی بھی بندہ میرے نزدیک میری واجب کردہ چیز پر عمل کرنے کے علاوہ میرا قرب حاصل نہیں کر سکتا" (مفتاح الفلاح / جلد 1 / صفحہ 367)؛ ۔ لہذا اپنے بیانات اور تبلیغ دین کے دوران واجبات کی ادائیگی، حرام چیزوں کو ترک کرنے اور رضائے الٰہی کے حصول کے لیے اس ماہ سے فائدہ اٹھانے کی اہمیت پر زور دیں۔
آخر میں، میں دعاگو ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ تمام مبلغین کی زحمات کو قبول فرمائے اور اس بابرکت مہینے میں اپنی تبلیغی ذمہ داریاں بہتر طریقے سے ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ "وَالْعَاقِبَةُ لِلْمُتَّقِینَ" (اعراف/۱۲۸)
علی خیاط









آپ کا تبصرہ