حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، حضرت آیت اللہ العظمی حافظ بشیر حسین نجفی نے رمضان المبارک کے آغاز پر مبلغین کے نام ایک پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی مجالس کو حضرت ابا عبداللہ الحسین علیہ السلام کے ذکر سے منور کریں۔
انہوں نے اپنے پیغام کے ایک حصے میں تبلیغِ دین کے میدان میں خواتین کے گرانقدر کردار پر بات کرتے ہوئے کہا: اس میدان میں خواتین کی تاثیر کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے اور ہمیں ان کی ہر ممکن حمایت کرنی چاہیے۔
ان کے پیغام کا خلاصہ درج ذیل ہے:
محترم بھائیو! رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ہمارے بہت سے فرائض ہیں منجملہ:
1- مجالس حسینی (ع) کی طرف توجہ کرنا اور لوگوں کو ان کے بھرپور اہتمام کی دعوت دینا تاکہ لوگ فضائل اہلبیت علیہم السلام سے مستفید ہونے کے ساتھ ساتھ ان کے مصائب پر گریہ سے سے خدا کا قرب حاصل کر سکیں۔
2- بزرگ افراد کی محافل میں شرکت کریں۔ مطلب یہ ہے کہ آپ کو اپنے خاندان کے بزرگوں کے ساتھ بیٹھنا چاہیے، ان کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہئے۔ اس سے ان کے ساتھ محبت اور تعلق میں اضافہ ہو گا اور آپس میں یکجہتی اور اعتماد بڑھے گا۔
3- مبلغین کو عام لوگوں کے پاس آنا جانا اور ان کی حالت پر نظر رکھنی چاہیے۔ اس سے روزہ خواری اور ماہ مبارک کی توہین کرنے والوں کو سبق ملے گا، ہاں جس کا کوئی عذر شرعی ہے تو اسے بھی کھلے عام کھا پی کر ماہ مبارک کی توہین نہیں کرنی چاہئے۔
4- نوجوانوں کو مجالس کی طرف راغب کرنے اور ان کی موجودگی سے فائدہ اٹھانے کی طرف توجہ دی جائے تاکہ ان کے دل ایمان، اقدار اور اصولوں سے پختہ ہوں اور وہ دین کے دشمنوں کے فکری اور ثقافتی حملوں سے محفوظ رہیں۔
5۔ مومنہ خواتین کو خاس توجہ دینی چاہئے اور تبلیغِ دین کی راہ میں ان کی مدد کرنی چاہئے چونکہ معاشرہ میں خواتین بہت زیادہ تاثیر رکھتی ہیں۔
6۔ مبلغین کو چاہئے کہ وہ شہداء کے خانوادہ کی مادی اور معنوی لحاظ سے حمایت کریں اور شہداء کے یتیموں کا خاص خیال رکھیں، ان کا احترام کریں۔
آخر میں یاد رہے کہ ماہ رمضان ہر سال خداوند متعال کی جانب سے انسان کو بہترین ہدیہ ہوتا ہے اور خدا نے اس مہینہ کے صدقہ ہمیں اپنی رحمت و لطف میں شامل کیا ہے۔ دعا ہے کہ خداوند متعال ہمیں اس مقدس مہینہ میں نماز اور روزہ اور پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ان کے اہلبیت علیہم السلام کی پیروی کی توفیق عنایت فرمائے۔