حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام و المسلمین مسعود عالی نے اصفہان میں واقع امام رضا علیہ السلام کی بہن حضرت زینب (س) کے حرم میں ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے رمضان المبارک کی اہمیت اور انسان کی زندگی میں اس مقدس مہینے کے اثرات و برکات کے سلسلے میں امام جعفر صادق علیہ السلام کی ایک روایت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: سید ابن طاؤس (علیہ الرحمہ) نے امام جعفر صادق علیہ السلام سے نقل کیا ہے کہ امامؑ نے فرمایا:ماہ رمضان سے سال کا آغاز ہوتا ہے ، اگر رمضان اچھا گزرےگا تو پورا سال اچھا گزرے گا۔
حجۃ الاسلام والمسلمین مسعود عالی نے کہا: کیوں امام علیہ السلام نے رمضان کو سال کا پہلا مہینہ قرار دیا ؟ جب کہ ہم سب جانتے ہیں کہ قمری سال کا پہلا مہینہ محرم ہے اور محرم سے سال کا آغاز ہوتا ہے! سید بن طاؤوس نے بڑے ہی خوبصورت انداز میں اس سوال کا جواب دیا ہے، وہ کہتے ہیں کہ سال کا آغاز مختلف لوگوں کے اعتبار سے الگ الگ ہے، عابدوں اور زاہدوں اور وہ افراد جو عبودیت کی راہ پر چلنا چاہتے ہیں ان کے سال کی شروعات رمضان المبارک سے ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا : رمضان المبارک ان لوگوں کے لیے بہترین مہینہ ہے جو بندگی خدا کے لیے عظیم قدم اٹھانا چاہتے ہیں، صحیفہ سجادیہ میں استقبال ماہ رمضان کے سلسلے میں امام سجاد علیہ السلام کی ایک دعا موجود ہے، اور اسی طرح اس مہینے کے آخر میں ’وداع ماہ رمضان‘ کے لئے عنوان سے بھی ایک دعا موجود ہے، جو شخص رمضان المبارک کا اچھے طریقے سے استقبال اور خیرمقدم کرے گا وہی شخص اس مہینے کو اچھے طریقے سے الوداع کہہ سکتا ہے۔