حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حیدرآباد دکن/ تنظیم جعفری حیدرآباد کے زیر اہتمام دفتر مجلس علماء ہند، حسینی محلہ، نور خاں بازار میں جشنِ استقبالِ ماہِ رمضان کا انعقاد کیا گیا۔ اس بابرکت محفل کی صدارت حجۃ الاسلام مولانا سید تقی رضا عابدی نے کی، جبکہ دیگر علمائے کرام نے بھی خطاب کیا۔
مولانا سید تقی رضا عابدی نے اپنے صدارتی خطاب میں ماہِ رمضان کی فضیلت و برکات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ مہینہ اللہ کی خاص رحمتوں، مغفرت اور برکتوں کا مہینہ ہے۔ انہوں نے روزے کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ جو افراد کسی عذر کی بنا پر روزہ نہیں رکھ سکتے، ان پر لازم ہے کہ وہ اس مبارک مہینے کا احترام کریں اور کھلے عام کھانے پینے سے گریز کریں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مسلم محلوں کے ہوٹلوں میں روزے کے اوقات میں پردے کا انتظام ہونا چاہیے تاکہ ماہِ رمضان کے تقدس کا خیال رکھا جا سکے۔
مولانا نے مزید کہا کہ جس طرح اس مہینے میں عبادات کا ثواب کئی گنا بڑھ جاتا ہے، اسی طرح گناہوں کی سزا بھی زیادہ ہوتی ہے، لہٰذا ہمیں اس بابرکت مہینے میں زیادہ سے زیادہ عبادت، دعا، تلاوتِ قرآن اور نیک اعمال انجام دینے کی کوشش کرنی چاہیے۔ ساتھ ہی غریبوں، مساکین اور مستحق افراد کا بھی خیال رکھنا چاہیے۔
اس موقع پر مولانا باسط پاٹل نے کہا کہ ماہِ رمضان دعا اور عبادت کا مہینہ ہے، جس میں سحر و افطار کی دعاؤں سمیت دیگر اعمال کا بے حد ثواب ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزہ رکھنے سے نہ صرف روحانی بلکہ جسمانی فوائد بھی حاصل ہوتے ہیں، لہٰذا روزہ افطار کرتے وقت اعتدال سے کام لینا چاہیے، کیونکہ خالی پیٹ کے بعد زیادہ کھانا صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔
منعقدہ پروگرام سے مولانا ضیاء حسین جعفری نے کہا کہ ماہِ رمضان میں شیطان قید نہیں ہوتا بلکہ کمزور پڑ جاتا ہے، کیونکہ عبادات میں اضافہ ہونے سے انسان کے اندر نورانیت بڑھتی ہے اور وہ شیطانی وسوسوں سے محفوظ رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی شخص کو شیطان زیادہ بہکاتا ہے تو اس کی معنویت میں کمی ہوتی ہے، لہٰذا اپنی روحانی قوت کو مضبوط کرنا ضروری ہے۔
مولانا میر مرتضیٰ نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ماہِ رمضان اللہ کا مہینہ ہے اور ہمیں اللہ کی جانب سے تقویٰ کے لباس میں اس دعوت میں شامل ہونا چاہیے۔ انہوں نے تاکید کی کہ اس مہینے میں زیادہ سے زیادہ عبادت اور خدا سے تعلق مضبوط کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
آخر میں مولانا سید تقی رضا عابدی نے اعلان کیا کہ دفتر مجلس علماء ہند، نور خاں بازار میں رمضان المبارک کے دوران پنج وقتہ نماز، افطار اور درسِ قرآن کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے اور مومنین سے بھرپور شرکت کی اپیل کی۔









آپ کا تبصرہ