حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حجۃ الاسلام والمسلمین ناصر رفیعی نے حرم حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا قم میں خطاب کرتے ہوئے کہا: ماہ مبارک رمضان تذکیہ نفس حاصل کرنے کے لئے بہترین فرصت ہے۔ یہ وہ مہینہ ہے جسے خدا نے اپنی جانب نسبت دی ہے اور اس مہینے میں مباح اعمال بھی عبادت کی شکل اختیار کر لیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: ماہ مبارک رمضان خدا کی وسیع رحمت کا مہینہ ہے۔ ہماری اس مہینے میں خداوندعالم سے درخواست ہے کہ اس منحوس بیماری کرونا کو ہمارے ملک سے ختم کر دے اور ہمارے دشمنوں کے مکر و فریب کو خود ان کی طرف پلٹا دے۔
دینی علوم کے اس استاد نے کہا: ماہ رمضان در حقیقت بہار قرآن ہے اور اس مہینے میں بہترین کلام تفسیر قرآن کریم ہے اور ہم اس مہینے میں سورہ مبارکہ عنکبوت کی تفسیر بیان کریں گے۔
حجۃ الاسلام والمسلمین ناصر رفیعی نے کہا: شیخ صدوق(علیہ الرحمۃ نے حضرت علی علیہ السلام سے ایک روایت نقل کی ہے کہ حضرت (ع) نے اس روایت میں ماہ رمضان کی فضیلت بیان کرتے ہوئے فرمایا: "ماہ مبارک رمضان کی دیگر مہینوں پر فضیلت اہلبیت علیہم السلامکی تمام لوگوں کی نسبت فضیلت کی طرح ہے"۔
انہوں نے کہا: ممکن ہے بعض افراد کسی وجہ سے روزہ نہ رکھ سکیں اور اس پر حسرت کریں۔ یاد رہے اس حسرت کا بھی ثواب ہے۔ ماہ مبارک رمضان کی فضیلت صرف روزہ رکھنے کی وجہ سے نہیں ہے بلکہ اس مہینے کی خاص حرمتیں اور احترام ہے۔
حرم حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کے خطیب نے کہا: رمضان کی حرمت کو پائمال نہیں کرنا چاہیے اور روزہ فقط بھوک اور پیاس کا نام نہیں ہے بلکہ اس مہینے میں انسان خدا کے مہمان ہیں۔
انہوں نے کہا: اس مہینے میں میزبان خداوند متعال ہے اور مہمان کو میزبان کے تابع ہونا چاہیے اور اس کے ہاں اس کی حرمت و احترام کا خیال رکھنا چاہئے۔اور مہمان کی توجہ ہونی چاہئے کہ وہ اس کے ہاں دن رات کیسے بسر کر رہا ہے۔
حجۃ الاسلام والمسلمین رفیعی نے کہا: اس با برکت مہینے میں انتہائی تدبر کے ساتھ تلاوت قرآن کریم ہونی چاہئے کیونکہ اس طرح خدا کا قرب حاصل کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا: حضرت علی علیہ السلام نے فرمایا ہے کہ جو ماہ مبارک رمضان میں روزے رکھے اور اپنے نفس کو حرام میں مبتلا نہ ہونے دے تو وہ بہشت میں داخل ہوگا۔
حجۃ الاسلام والمسلمین رفیعی نے کہا: خدا وند متعال جو ان کی عبادت اور اس کی توبہ و گریہ کو پسند کرتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس مہینے میں ہم سب اور بالخصوص جوان تذکیۂ نفس کریں، خدا سے اپنے رابطے کی اصلاح کریں اور کوشش کریں کہ تلاوت قرآن مجید اور نماز کے ذریعہ قرب خداوندی حاصل کریں۔