حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام والمسلمین ناصر رفیعی نے بدھ کو امام رضا علیہ السلام کے حرم میں واقع امام خمینی ہال میں صدیقہ طاہرہ کی پیرو خواتین کی ایک بڑی تعداد کی شرکت سے ماں کے کرم کے زیرعنوان منقعدہ پروگرام میں جو حفظان صحت کے تمام اصولوں کی پاسداری کے ساتھ انجام پایا ا پنے خطاب میں کہا کہ قرآن مجید نے کئی گھرانوں کو ہمارے لئے مثالی قرار دیا ہے اور ان تمام گھرانوں میں اخلاقی درس پوشیدہ ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ حضرت آدم علیہ السلام کا گھرانہ ، وہ پہلا قرآنی گھرانہ ہے جس کی زندگي سے ہم توبہ کا سبق سیکھتے ہیں ۔ جناب آدم نے ترک اولی کے بعد خدا سے معافی طلب کی اور خداوند عالم نے بھی انہیں بخش دیا ۔
حجت الاسلام رفیعی نے کہا کہ قرآن مجید میں دوسرا با فضیلت گھرانہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کا گھرانہ ہے جو ہمیں نماز کو اہمیت دینے کا سبق دیتا ہے ۔ انہوں نے اپنے بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کو بے آب و گياہ دشت و صحرا میں چھوڑ دیا تاکہ وہ علاقہ آباد اور نماز قائم کرنے کا مقام بن سکے ۔
حجت الاسلام رفیعی نے کہا کہ حضرت ایوب علیہ السلام کا گھرانہ بھی وہ قرآنی گھرانہ ہے جو ہمیں صبر کا درس دیتا ہے ۔ اس نبی نے اپنی صحت ، دولت اور بچوں کو قربان کردیا لیکن ان تمام مصائب کے سامنے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا ۔
انہوں نے کہا کہ قرآنی گھرانے میں حضرت یعقوب علیہ السلام کا گھرانہ بھی شامل ہے جس نے ہمیں خدا کی رحمت سے امید رکھنے کا درس دیا ۔ انہوں نے حضرت یوسف کے غم میں چالیس برسوں تک آنسو بہائے لیکن کبھی بھی خدا کی رحمت سے نا امید نہیں ہوئے اور ہمیشہ یوسف سے ملنے کی دعا کرتے رہے ۔
حجت الاسلام رفیعی نے کہا کہ حضرت شعیب علیہ السلام اور ان کی بیٹیوں سے ہمیں جو سبق ملتا ہے وہ حیا و عفت کا درس ہے اور حضرت یوسف علیہ السلام سے ہمیں جو درس ملتا ہے وہ پاکدامنی کا درس ہے ۔
انہوں نے اپنی تقریر میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اور حضرت علی علیہ السلام کے گھرانے کو قرآنی گھرانے کی ایک اور شاندار مثال قرار دیا اور کہا کہ تمام قرآنی گھرانوں میں جو خصوصیات تھیں وہ ساری کی ساری اس گھرانے میں ایک ساتھ موجود تھیں لیکن اس گھرانے کی سب سے اہم خصوصیت اخلاص تھی ۔
انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا تمام اسلامی صفات اور اعلی کمالات و خوبیوں کی مظہر تھیں اور ان کا پورا وجود، فنا فی اللہ ہو گيا تھا اور یہی وجہ تھی کہ ان کے بچے کائنات کی مثالی شخصیت بنے ۔
واضح رہے کہ اس پروگرام میں " آوای انقلاب " گروپ نے ترانہ پیش کیا جبکہ مداح اہل بیت جعفر ملائکہ نے مدح سرائي بھی کی ۔