ہفتہ 1 مارچ 2025 - 17:42
رمضان المبارک کا حقیقی استقبال گناہوں سے توبہ ہے، مولانا علی حیدر فرشتہ

حوزہ/ بانی و سرپرست، مجمع علماء و خطباء، حیدرآباد دکن، تلنگانہ نے تمام مومنین کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ جب بندے اس مقدس مہینے میں اللہ کے مہمان ہوتے ہیں تو انہیں چاہیے کہ میزبان کے مزاج کے خلاف کوئی عمل یا گناہ سرزد نہ ہونے پائے۔ یہی ماہِ رمضان کے استقبال کا اصل پیغام ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حیدرآباد دکن/ماہِ رمضان المبارک کی آمد پر مومنین کو اس بابرکت مہینے کے استقبال کی ترغیب دیتے ہوئے حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا علی حیدر فرشتہ، بانی و سرپرست، مجمع علماء و خطباء، حیدرآباد دکن، تلنگانہ نے ایک خصوصی پیغام جاری کیا۔

انہوں نے امام رضا علیہ السلام کے قول کی روشنی میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ "ماہِ شعبان کے آخری جمعہ کو جو کچھ اب تک نہ کر سکے ہو، اس دن اس کی تلافی کرلو تاکہ جب ماہِ رمضان آئے تو تم خدا کے خاص بندے بن چکے ہو۔"

انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک اہلِ ایمان کے لیے نیکیوں کا موسمِ بہار ہے، کیونکہ اس مہینے میں دل کی زمین تقویٰ کے بیج کو قبول کرنے کے لیے عام دنوں کی بہ نسبت زیادہ سازگار ہوتی ہے اور نیکیوں کی نشوونما کے لیے روحانی فضا ہموار ہوتی ہے۔

رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرتِ طیبہ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نبی کریمؐ ماہِ رمضان کی آمد سے پہلے ہی اس کے حصول کی دعا فرماتے اور شعبان میں کثرت سے روزے رکھتے۔

انہوں نے حضرت امام رضا علیہ السلام کی روایت نقل کرتے ہوئے کہا کہ "یہ برکت، رحمت اور مغفرت کا مہینہ ہے، جس میں خدا کے بندے اس کے مہمان ہوتے ہیں۔"

آخر میں انہوں نے تمام مومنین کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ جب بندے اس مقدس مہینے میں اللہ کے مہمان ہوتے ہیں تو انہیں چاہیے کہ میزبان کے مزاج کے خلاف کوئی عمل یا گناہ سرزد نہ ہونے پائے۔ یہی ماہِ رمضان کے استقبال کا اصل پیغام ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha