حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی یوم القدس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یوم القدس فلسطینیوں بالعموم تمام مظلوموں کی حمایت کا دن ہے، قبلہ اول کی آزادی صرف عالم اسلام‘ کسی خاص خطے یا ملک کا مسئلہ نہیں بلکہ انسانیت سے مربوط مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کے حقوق کی پامالی تسلسل کے ساتھ جاری ہے ،فلسطینیوں کی ان کے گھروں سے بے دخلی اور ان کی زمین پر قبضے ، فلسطینی عوام پر مسلسل مظالم کے پہاڑ توڑنا،خواتین کی بے حرمتی ، قید و بند کی تکالیف اور تسلسل کے ساتھ ڈھائے جانے والے ظلم و زیادتی پر انسانی حقوق کے علمبرداروں کی خاموشی معنی خیز ہے پرہم فلسطینیوں کی جمہوری، سیاسی اور اخلاقی حمایت جا ری رکھیں گے۔
علامہ ساجد نقوی نے قبلہ اول پر اسرائیلی ناجائز قبضے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کو شرمادینے والے اقدامات کے ساتھ ساتھ اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم کا سلسلہ جاری و ساری ہے اور نئی بستیوں کی تعمیر کرکے مظلوم و محکوم فلسطینی عوام کے لئے اپنی ہی زمین تنگ کی جارہی ہے اقوام متحدہ، او آئی سی اور مسلم ممالک اپنا مثبت کر دار ادا کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت رکوائیں۔
علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ کشمیر کمیٹی کا دائرہ کار بڑھا کر کشمیر و فلسطین کمیٹی بنائی جائے اس لئے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے بھی اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیاتھا، دوسری جانب مسلم ممالک بھی موثر کردار ادا نہیں کر رہے جو افسوس ناک امر اور اس سے بھی زیادہ تشویش ناک صورتحال یہ ہے کہ بعض اسلامی ممالک اسرائیل کے ناجائز تسلط اور غیر قانونی قبضہ کو تسلیم کرکے فلسطینیوں کے ساتھ بے وفائی کے مرتکب ہورہے ہیں اوراو آئی سی بھی ساری صورتحال میں خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے ۔
علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ اسرائیلی غاصبانہ ریاست کے فلسطینی عوام پر بہیمانہ مظالم وتشدد ، بنیادی انسانی حقوق کی پامالی اور القدس پر ناجائز تسلط کیخلاف جمعة الوداع 7مئی 2021ءبمطابق 24رمضان المبار 1442ھ یوم القدس کے طور پر منایا جائے گا اور مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عمل کرتے ہوئے احتجاجی پروگرامز منعقد کئے جائیں گے۔
آخر میں قائد ملت جعفریہ کا مزید کہنا تھا کہ ایک طرف ہم فلسطینیوں پر ہونے والے ظلم پر سراپا احتجاج ہیں تو دوسری طرف ملک میں شہری آزادیوں پر قدغنیں لگانے اور کھلی زیادتیوں کا جو سلسلہ گذشتہ محرم سے قبل شروع ہوا وہ تاحال جاری ہے۔ یوم علیؑ کے موقع پر ایس او پیز کے تحت مجالس اور جلوس کا انعقاد ہو نا تھا مگر اس کے باوجود رکاوٹیں ، توہین ، زیادتیاں ، مقدمات کا اندارج واضح کر تا ہے کہ شہری آزادیوں کیخلاف شدید کینہ موجود ہے جو بڑھتا جا رہاہے جس کا اظہار یوم علیؑ پر کئے گئے اقدامات سے واضح اور آشکارہے ۔