۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
آغا سید حسن الموسوی الصفوی

حوزہ/ حق بیانی، بے باکی، صراحت لہجہ شجاعت، بلا خوف لومۃ لائم اظہار نظر، سادگی، علم دوستی، انکساری و تقویٰ آپ کا خاصہ تھا، قضاوت کے عہدہ پر رہتے ہوئے آپ نے بڑی بیباکی سے ایسے کئی اہم فیصلے لئے جو کسی اور کے لئے ممکن نہیں تھے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیۃ اللہ ری شہری کے سانحہ انتقال پر انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے صدر آغاسیدحسن الموسوی الصفوی نے تعزیتی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی رحلت دینی، مذہبی، علمی، حوزوی اور قومی اور ملی خسارہ ہے جس کی بھرپائی ممکن نہیں۔

تعزیتی پیغام کا متن حسب ذیل ہے:

انا للہ و انا الیہ راجعون

آیۃ اللہ آقای محمد محمدی ری شہری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ مکتب اہلبیت علیہم السلام کے عظیم مبلغ، محقق، مولف اور معلم تھے، علمی اور تعلیمی سرگرمیوں کے علاوہ امام زادہ حضرت عبدالعظیم حسنی علیہ السلام کے روضہ مبارک شہر ری میں بطور متولی نمایاں خدمات آپ کا شرف ہے۔

دین اسلام اور مذہب اہلبیت علیہم السلام کی تبلیغ و ترویج اور دفاع میں جہاں طلاب کو زیور تعلیم و تربیت سے آراستہ کیا وہیں اس سلسلہ میں مختلف عناوین پر کتابیں بھی تالیف فرمائی ہیں، جن میں میزان الحکمہ، دانش نامہ امیرالمومنین علیہ السلام، دانش نامہ امام حسین علیہ السلام اور دانش نامہ امام مہدی علیہ السلام سر فہرست ہیں۔

آپ رہبر کبیر انقلاب حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ سید روح اللہ الموسوی امام خمینی قدس سرہ کی تحریک انقلاب کے ایک سرگرم رکن تھے، اسی سلسلہ میں قید جیسی دیگر صعوبتیں برداشت کیں، اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد حکومت کے کئی اہم عہدوں پر فائز ہوئے اور اپنی ذمہ داریوں کو بطور احسن انجام دیا، خاص کر بطور وزیر اطلاعات آپ کے غیر جانبدارانہ رویہ کا دوست و دشمن سب اقرار کرتے ہیں۔

حق بیانی، بے باکی، صراحت لہجہ شجاعت، بلا خوف لومۃ لائم اظہار نظر، سادگی، علم دوستی، انکساری و تقویٰ آپ کا خاصہ تھا، قضاوت کے عہدہ پر رہتے ہوئے آپ نے بڑی بیباکی سے ایسے کئی اہم فیصلے لئے جو کسی اور کے لئے ممکن نہیں تھے۔

آیت اللہ محمدی ری شہری رحمۃ اللہ علیہ کی رحلت دینی، مذہبی، علمی، حوزوی اور قومی اور ملی خسارہ ہے جس کی بھرپائی ممکن نہیں۔

ہم اس عظیم مصیبت پر سوگوار ہیں اور اپنے مولا و آقا حضرت ولی عصر امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف، اسلامی انقلاب کے عظیم قائد حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای دام ظلہ الوارف، مرجع عالیقدر جہان تشیع حضرت آیت اللہ العظمیٰ سیستانی مد ظلہ العالی، علمائے اعلام، آیات عظام، مراجع کرام، حوزات علمیہ اور سوگوار کنبہ کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .