۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
ایران اسلامی میں واقع مقدس روضوں کےمتولیوں کا چوتھا اجلاس

حوزہ/ اسلامی جمہوریہ ایران میں موجود مقدس روضوں اور امام زادوں کے مزاروں کا چوتھا اجلاس ، امام رضا علیہ السلام کے روضے میں منعقد ہوا جس میں ان مقدس مقامات کے متولیوں نے بھی شرکت کی ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے روضہ امام علی رضا علیہ السلام کے متولی حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی نے عشرہ فجر کی آمد کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے مقدس روضوں کو ، دینی تعلیمات اور اسلامی پیغام کی ترویج کا مرکز  قرار دیا اور کہا کہ عوام مقدس مقامات کو دینی مراکز اور علم کے حصول کی جگہ سمجھتے ہيں اسی لئے صحیح منصوبہ بندی اور تیاری کے ساتھ عوام کی اس توقع پر پورا اترنا چاہئے کیونکہ نئي نسل کی تربیت میں روضوں اور مقدس مقامات کا اہم کردار ہوتا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی  کورونا کے دور میں بھی مقدس مقامات کے اداروں کی کارکردگي سے مطمئن تھے  جو روضوں اور مقدس مقامات کے متولیوں کے لئے فخر کی بات ہے۔  

انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ مقدس مقامات کے متولیوں کا مقصد زائروں کی خدمت کے ساتھ ہی ساتھ زیارت کے مقاصد کی تکمیل بھی ہونا چاہئے ، کہا کہ اس سلسلے میں ایک موثر قدم ، خدمات میں توسیع ہے ۔ زائرین  کو  روضوں اور مقدس مقامات کی جانب  سےمذہبی،  ثقافتی، سماجی اور علمی سہولتیں فراہم کی جانی چاہئیں اور تمام مقدس مقامات کی جانب سے اس قسم کی سہولتوں میں اپنی توانائي کے حساب سے اضافہ کیا جانا چاہئے تاکہ زائرین  کو یہ محسوس ہو کہ ان مقدس مقامات کے متولی ان کا خیال رکھتے ہيں۔

آستان قدس رضوی کے متولی حجت الاسلام شیخ احمد مروی  نے اپنے بیان کے آخر میں کہا کہ مقدس مقامات کے اس اجلاس میں ،  کورونا کی وجہ سے عراق کے مقدس مقامات اور روضوں کی جانب سے کسی نمائندے نے شرکت نہيں کی اور ہمیں امید ہے کہ اس وائرس کے خاتمے کے بعد اگلے اجلاسوں میں عراق کے عتبات عالیات اور مقدس مقامات کے متولی حضرات بھی شریک ہوں  گے ۔ 

تلاوت اور قرآن مجید میں غور و خوض کے لئے مقدس مقامات کے درمیان تعاون ضروری 

اس اجلاس میں حضرت احمد بن موسی الکاظم  علیہم السلام( حضرت شاہ چراغ ) کے روضے کے متولی حجت الاسلام والمسلمین لطف اللہ دژکام نے کہا کہ مقدس مقامات کو قرآن مجید کی تلاوت اور اس کی آیتوں کی تعلیمات کی ترویج کے تعلق سے  ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے ۔ 

انہوں نے کہا کہ قرآن مجید کی تعلیم کی تحریک میں مقدس مقامات ، مثبت کردار ادا کر سکتے ہيں ۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوری نظام کے قیام کی  برکت سے مختلف شعبوں میں قرآن مجید کی تعلیمات پر کام ہو رہے ہيں لیکن جو کام مقدس مقامات اور روضے کر سکتے ہيں وہ ان تمام تعلیمی مراکز کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا ہے ۔ 

انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ اسلامی امہ میں ، قرآن کی مدد سے نیا جذبہ پیدا کرنے کی ضرورت ہے ، کہا کہ عوام کی جانب سے قرآن مجید کی تلاوت میں کمی کے حقیقی اسباب کا پتہ لگایا جانا چاہیے اور پھر اس مسئلے کو حل  اور مقدس مقامات کو اس سلسلے  میں ایک دوسرے کے تعاون سے کام کرنا چاہئے ۔ 

مقدس  مقامات کا اتحاد ، دشمن کی آنکھوں کا کانٹا ہے 
اجلاس میں حضرت فاطمہ معصومہ قم سلام اللہ علیہا کے روضے کے متولی آيت اللہ سید محمد سعیدی نے اپنی تقریر میں ، اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ سماج میں تقسیم ، دشمنوں کے فائدے میں ہے، کہا کہ آج ہم دیکھ رہے ہيں کہ مقدس مقامات کے درمیان یک جہتی اور اتحاد ، دشمنوں کی آنکھوں کا کانٹا بنا ہواہے ۔ 

انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ امور اور معاملات کو آگے بڑھانے میں کامیابی اسی وقت حاصل ہوتی ہے جب سارے اراکین  ایک ساتھ کام کریں ، کہا کہ تمام کاموں اور پروگراموں میں عوام کا کردار بے نظیر ہے اور اسلامی انقلاب اس قسم کے تعاون کا سب سے بہترین مظہر تھا ۔ 
حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کے روضے کے متولی نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ ہمارا اسلامی انقلاب ، تمام شعبوں میں ہمارے لئے بہترین سبق کا حامل ہے  کہا کہ اگر عوام الگ ہو جائيں تو انقلاب کے اہداف  کی تکمیل نہيں ہو سکتی ۔ 

امام زمانہ کے ذکر ویاد کی ترویج کے لئے فن کا استعمال 

اجلاس میں حضرت عبد العظیم علیہ السلام کے روضے کے متولی آیت اللہ محمد  محمدی ری شہری نے  بھی  مقدس مقامات کے درمیان تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ روضوں اور مقدس مقامات کا اصل مقصد، امام زمانہ  سلام اللہ علیہ کی عالمی حکومت کے لئے ماحول بنانا ہے اور مقدس مقامات میں ہمیں اس کی ترویج کرنا چاہئے ۔ 

انہوں نے کہا کہ ہنر و فن  کا استعمال کیا جانا چاہئے اور مقدس مقامات میں امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف   کا ذکر  اور ان کی یاد جاری رہنا چاہئے ۔ 

انہوں نے کہا کہ اسلام کی عالمگیریت کے لئے اہل فن  کی سرگرمیوں کی بھی ضرورت ہے تاکہ تمام مقدس مقامات میں حضرت مہدی عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کا ذکر جاری رہے ۔ 
 

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .