۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
مولانا علی حیدر فرشتہ

حوزہ/ مرحوم جيد عالم دین اور اسلامی انقلاب کے سرگرم رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے،میزان الحکمہ جیسی درجنوں کتابوں کے مولف تھے۔ آیت‌الله محمدی رے شہری نمائندہ ولی فقیہ اور مجلس خبرگان کے رکن بھی رہے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجمع علماء وخطباء حیدرآباد دکن کے سرپرست حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا علی حیدر فرشتہ نے حضرت آیۃ اللہ ری شہری کی وفات پر غم و اندوہ کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مرحوم ایک فعال ، مجاھد اور انقلابی عالم دین تھے ، کثیر دینی و علمی کتب و تالیفات کے علاوہ متعدد فیض رساں اداروں کا قیام بھی ان کے باقیات الصالحات میں شامل ہے۔

تعزیتی پیغام کا متن اس طرح ہے:

انا للہ و انا الیہ راجعون

انتہائی رنج و غم کے ساتھ یہ خبر وحشت اثر گوش گزار ہوئی کہ ایران کے مشہور و معروف مذہبی رہنما ، حرم حضرت (شاہ) عبدالعظیم حسنی (ع) کے متولی حضرت آیت‌الله محمد محمدی رے شہری تہران کے خاتم الانبیاء (ص) ہسپتال میں رحلت کرگئے. ان کی عمر 75 سال تھی۔

مرحوم جيد عالم دین اور اسلامی انقلاب کے سرگرم رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے،میزان الحکمہ جیسی درجنوں کتابوں کے مولف تھے۔ آیت‌الله محمدی رے شہری نمائندہ ولی فقیہ اور مجلس خبرگان کے رکن بھی رہے ہیں۔

مرحوم علم ، زہد ، تقویٰ ، سادہ زیستی ، جہدملسل اور فرض و عصر شناسی کی جیتی جاگتی تصویر تھے۔وہ ایک فعال ، مجاھد اور انقلابی عالم دین تھے ، کثیر دینی و علمی کتب و تالیفات کے علاوہ متعدد فیض رساں اداروں کا قیام بھی ان کے باقیات الصالحات میں شامل ہے۔مرحوم و مغفور ، رہبر معظم انقلاب دام ظلہ الشریف کےمورد اعتماد اور آپ کی طرف سے " رئیس الحجاج" کے عظیم منصب پر فائز تھے۔حضرت آیۃ اللہ محمدمحمدی رے شہری طاب ثراہ کی علمی و مذہبی اور قومی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

ان مختصر الفاظ کے ساتھ ہم مجمع علماء وخطباء حیدرآباد کی جانب سے مرحوم و مغفو ر حضرت آیۃ اللہ محمد محمدی رے شہری اعلی اللہ مقامہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے بلندی درجات کی دعا کرتے ہیں ،اور مرحوم و مغفور کے اہل خانوادہ،علماء و طلباء ،مراجع کرام،رہبر معظم حفظہم اللہ تعالی بالخصوص حضرت ولی عصر امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کی خدمات میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .