۹ فروردین ۱۴۰۳ |۱۸ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 28, 2024
آیۃ اللہ محمد محمدی ری شہری

حوزہ/ آیۃ اللہ آقای محمد محمدی ری شہری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ مکتب اہلبیت علیہم السلام کے عظیم مبلغ، محقق، مولف اور معلم تھے۔ علمی اور تعلیمی سرگرمیوں کے علاوہ امام زادہ حضرت عبدالعظیم حسنی علیہ السلام کے روضہ مبارک شہر رے میں بطور متولی نمایاں خدمات آپ کا شرف ہے۔ 

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید صفی حیدر زیدی، سکریٹری تنظیم المکاتب نے آیۃ اللہ محمد محمدی ری شہری کی رحلت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی پیغام ارسال کیا ہے۔ جسکا مکمل متن اس طرح ہے؛

بسم اللہ الرحمن الرحیم

ماضی قریب میں بڑی تعداد میں اعلیٰ معیار کے علماء و فقہاء کی موت کا صدمہ کم نہیں ہوا تھا کہ پھر ایک انتہائی افسوسناک خبر موصول ہوئی کہ عالم جلیل، اسوۂ علم و عمل، صاحب تصانیف کثیرہ، پاسبان دین و مذہب و انقلاب آیۃ اللہ آقای محمد محمدی ری شہری رحمۃ اللہ علیہ نے رحلت فرمائی۔

انا للہ وانا الیہ راجعون

آپ کی موت اس حدیث کا سو فیصد مصداق ہے ’’اذا مات العالم ثلم فی الاسلام ثلمة لا يسدها شيء ‘‘ (عالم کی موت سے اسلام میں وہ خلاء پیدا ہو تا ہے جسکی کوئی چیز بھرپائی نہیں کرسکتی )
رحمٰن و رحیم اور ارحم الراحمین پروردگار کی آپ پر رحمت ہو کہ آپ کی با برکت اور پاکیزہ زندگی احیاء امر اہلبیت علیہم السلام میں بسر ہوئی۔

آیۃ اللہ آقای محمد محمدی ری شہری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ مکتب اہلبیت علیہم السلام کے عظیم مبلغ، محقق، مولف اور معلم تھے۔ علمی اور تعلیمی سرگرمیوں کے علاوہ امام زادہ حضرت عبدالعظیم حسنی علیہ السلام کے روضہ مبارک شہر رے میں بطور متولی نمایاں خدمات آپ کا شرف ہے۔

دین اسلام اور مذہب اہلبیت علیہم السلام کی تبلیغ و ترویج اور دفاع میں جہاں طلاب کو زیور تعلیم و تربیت سے آراستہ کیا وہیں اس سلسلہ میں مختلف عناوین پر کتابیں بھی تالیف فرمائی ہیں۔ جنمیں میزان الحکمہ، دانش نامہ امیرالمومنین علیہ السلام ، دانش نامہ امام حسین علیہ السلام اور دانش نامہ امام مہدی علیہ السلام سر فہرست ہیں۔ آپ کی معروف کتاب’’اھل البیت فی الکتاب و السنۃ‘‘ کے اردو ترجمہ کو نشر کرنے کا شرف ادارہ تنظیم المکاتب کو حاصل ہوا۔

آپ رہبر کبیر انقلاب آیۃ اللہ العظمیٰ سید روح اللہ موسوی امام خمینی قدس سرہ کی تحریک انقلاب کے ایک سرگرم رکن تھے۔ اسی سلسلہ میں قید جیسی دیگر صعوبتیں برداشت کیں ۔ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد حکومت کے کئی اہم عہدوں پر فائز ہوئے اور اپنی ذمہ داریوں کو بطور احسن انجام دیا۔ خاص کر بطور وزیر اطلاعات آپ کے غیر جانبدارانہ رویہ کا دوست و دشمن سب اقرار کرتے ہیں۔

حق بیانی۔بیباکی۔ صراحت لہجہ شجاعت۔بلا خوف لومۃ لائم اظہار نظر۔سادگی۔علم دوستی۔انکساری و تقویٰ آپ کا خاصہ تھا۔ قضاوت کے عہدہ پر رہتے ہوئے آپ نے بڑی بیباکی سےایسے کئی اہم فیصلے لئے جو کسی اور کے لئے ممکن نہیں تھے۔

آیت اللہ محمدی ری شہری رحمۃ اللہ علیہ کی رحلت دینی، مذہبی، علمی، حوزوی اور قومی اور ملی خسارہ ہے جس کی بھرپائی ممکن نہیں۔

بارگاہ معبود میں دعا ہے کہ ان پر رحمت و مغفرت نازل فرمائے اور اعلیٰ علیین میں بلند مقام مرحمت فرمائے۔

ہم اس عظیم مصیبت پر سوگوار ہیں اور اپنے مولا و آقا حضرت ولی عصر امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف، اسلامی انقلاب کے عظیم قائد آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای دام ظلہ الوارف، علمائے اعلام، آیات عظام، مراجع کرام، حوزات علمیہ اور سوگوار کنبہ کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں۔

سوگوار
مولانا سید صفی حیدر زیدی
سکریٹری تنظیم المکاتب

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .