حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان قم المقدسہ کی جانب سے ولادت باسعادت حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا، ولادت امام خمینی اور انقلاب اسلامی کی43 ویں سالگرہ کی مناسبت سے پاکستان میں فرزندان زہرا کا نظام ولایت فقیہ کی ترویج میں کردار کے عنوان سے حرم حضرت فاطمہ معصومہ میں علمی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے نمائندہ قائد ملت و مدیر دفتر قائد قم المقدسہ، حجت الاسلام والمسلمین سید ظفر علی نقوی نے سیدہ دوعالم حضرت زہرا س کی حیات مبارکہ اور ان کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی۔ نمائندہ قائد نے قائد شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی کے حوالے سے مفصل خطاب کیا اور کہا کہ شہید قائد نجف میں امام خمینی کے ساتھ آشنا ہوئے اور پھر ہمیشہ کیلئے ان کے گرویدہ ہوگئے. انہوں نے دوران قیادت نظام ولایت فقیہ کے سایہ میں بھرپور جدوجہد کی اور کم وقت میں ابھر کر سامنے آئے ہر میدان میں کام کیا۔
انہوں نے کہا قائد شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی کے جانشین اور قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی ہمارے درمیان موجود ہیں اگر ہم چاہتے ہیں نظام ولایت فقیہ مزید ترقی کرے تو ہمیں اس نظام کا بھرپور ساتھ دینا چاہیے۔ جب ہم اعتراض کرتے ہیں کہ فلاں نے کیا کیا کام کیا ہے اس وقت اپنے آپ سے بھی سوال کرنا چاہیے کہ ہم نے نظام کی مضبوطی کیلئے کیا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے شیعہ علماء کونسل سندھ کی جانب سے 14 فروری کو ہونے والے لانگ مارچ کی حمایت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء الله دفتر کی جانب ایسی علمی نشستوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔