حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،محفل مرتضیٰ کشمیر روڈ کراچی میں منعقدہ عشرہ محرم کی مجلس سے خطاب کے دوران مولانا کمیل مہدوی نے کہا کہ مسلم امہ اچھی فکر اور سوچ کے ساتھ ساتھ تعلیمات اسلامی اور افکار حسینیؑ کو اپنائیں کیونکہ یہی وہ مقدس ہستیاں ہیں جن کی محبت کا حکم دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلمان ہونے کے ساتھ ساتھ ایک اچھے مومن بھی بنیں اور بیرونی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے کیونکہ اس وقت مسلمان کرب و پریشانی کے ساتھ مشکلات اور الجھنوں میں پھنسے ہوئے ہیں، ہمیں ہوش و عقلمندی سے کام لیتے ہوئے ملکی استحکام، دین کی بلندی اور بزرگان دین کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے یکجا ہوکر کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے یہ بات زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ وقت فروعی اختلافات کا نہیں بلکہ اتحاد اور یکجہتی کا وقت ہے اور ملک کو مضبوط کرنے کی اشد ضرورت ہے لہٰذا ہمیں اپنی اصلاح کرنی ہوگی۔