حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یوم عاشورا کے موقع پر جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے گلشن باغ مدین صاحب سرینگر میں عظیم الشان جلوس اور شبیہ ذوالجناح بر آمد کیا گیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں عزاداروں نے شرکت کی۔
اطلاع کے مطابق یہ جلوس ذوالجناح خانقاہ میر شمس الدین اراکیؒ جڈی بل میں اختتام پذیر ہوا، اس جلوس میں صدر انجمن شرعی شیعیان کے نمائندہ حجۃ الاسلام آغا سید مجتبیٰ عباس الموسوی الصفوی نے شرکت کی اور عزاداروں کے جمع غفیر سے خطاب کرتے ہوئے معرکہ کربلا کے مقاصد اور فکر و پیغام کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ نواسہ رسول حضرت امام حسین ؑ اور ان کے وفا شعار عزیز و اقارب کی عظیم شہادت اصول و اقدار کی دائمی فتح اور جبر و انانیت کی دائمی شکست کا ایک تاریخ ساز واقعہ ہے، کربلا نے جبری خلافت کی بساط کو ہمیشہ کے لئے الٹ کر رکھ دیا اور معرکہ کربلا کے بعد کسی بھی حکمران نے اہلبیت نبوی ؑ سے تقاضائے بیعت کی جرأت نہیں کی ۔
انہوں نے کہا کہ امام عالی مقام ؑنے تقاضاے بیعت کے جواب میں اپنے بھرے گھر کی قربانی دیکر امت مسلمہ پر واضح کیا کہ اسلامی احکامات اور قرآنی تعلیمات کے تناظر میں ظلم و باطل کے ساتھ کسی بھی سمجھوتے کی گنجائش نہیں، امام عالی مقام ؑ کے عزم و استقامت نے اسلام کو اپنی حقیقی شکل میں رہتی دنیا تک محفوظ رکھا اسلام اور امت مسلمہ نواسہ رسول ؐ کا مرہون منت اور مقروض ہے ۔
News ID: 383229
9 اگست 2022 - 17:30
- پرنٹ
حوزہ/ یوم عاشورا کے موقع پر جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے گلشن باغ مدین صاحب سرینگر میں عظیم الشان جلوس اور شبیہ ذوالجناح بر آمد کیا گیا۔