۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
انجمن شرعی شیعیان

حوزہ/ شہدائے کربلاؑ کی عزاداری صرف ایک رسم نہیں بلکہ ایک تحریک ہے جس نے نہ صرف مقصد عاشورہ کو زندہ رکھا بلکہ ہر زمانے میں تبلیغی تقاضے بھی پورے کئے ہیں ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان ضلع کمیٹی سرینگر کا خصوصی محرم اجلاس تنظیم کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی صدارت میں خانقاہ حضرت میر شمس الدین اراکی ؒ پر منعقد ہوا اجلاس میں انجمن شرعی شیعیان کے زیر اہتمام ضلع سرینگر میں منعقد ہونے والی محرم تقریبات بالخصوص جلوس ہاے عزا کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی اور محرم الحرام سے جڑے دیگر اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں عوام الناس سے اپیل کی گئی کہ وہ محرم الحرام کے دوران مفاد خصوصی رکھنے والے عناصر پر کڑی نگاہ رکھیں جو اس عظیم مہینے میں مسلکی اختلافات کو ہوا دیکر آپسی اتحاد و اخوت کو نقصان پہنچانے کے در پے رہتے ہیں عزا داروں سے اپیل کی گئی کہ مجالس اور جلوس ہاے عزا کے دوران نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آغا صاحب نے کہا کہ ماہ محرم نواسہ رسول ؑ اور انکے باوفا عزیز و اقارب کی عظیم قربانیوں اور انکے صبر و استقامت کو عقیدت کا خراج نذر کرنے کا مہینہ ہے شہداے کربلا ؑ کے مصائب پر گریہ و زاری ایک مسنون عمل ہے شہداے کربلا ؑ نے اپنے مقدس خون سے اسلام و انسانیت کو ایک نئی زندگی عطا کی امت محمدیہ ؐشہداے کربلا کی ممنون و مقروض ہے شہداے کربلاؑ کی عزاداری صرف ایک رسم نہیں بلکہ ایک تحریک ہے جس نے نہ صرف مقصد عاشورہ کو زندہ رکھا بلکہ ہر زمانے میں تبلیغی تقاضے بھی پورے کئے ہیں ۔

انہوں نے اراکین و عاملین سے تاکید کی کہ وہ جلوس ہاے عزا کی شان و عظمت کو دو بالا کرنے کے لئے اپنی صلاحیتوں کو بروے کار لائیں اس موقع پر اجلاس میں تاریخی جلوس عاشورہ پر 33 سالہ حکومتی قدغن پر شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ یہ پابندی فوری طور پر ہٹائی جائےاجلاس میں کہا گیا کہ حکومتی پابندی بلا جواز ہے اور سرکار آج تک اس پابندی کا کوئی جواز پیش نہ کر سکی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .