۱۳ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۳ شوال ۱۴۴۵ | May 2, 2024
کلب رشید

حوزہ/ ایل جی منوج سنہا نے سری نگر میں منعقدہ انڈین مائنوریٹی فاؤنڈیشن میں سید کلب رشید کو اعزاز سے نوازا، مولانا اس پروگرام میں بطور مہمان خصوصی تھے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں و کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر میں انڈین مائنورٹی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام سدبھاونا تصوف اور کشمیریت کے موضوع پر پروگرام میں بطور مہمان خصوصی پہنچے بین الاقوامی شہرت یافتہ حجت الاسلام و المسلمین مولانا ڈاکٹر کلب رشید نے کہا کہ آج جموں و کشمیر مسلم کمیونٹی کے نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ ملک کے مرکزی دھارے سے جڑ کر کام کرنے کی ضرورت ہے اور اس میں تعلیم کا ایک عظیم کردار ہے۔

چندی گڑھ یونیورسٹی کے چانسلر اور انڈین مائنوریٹی فاؤنڈیشن کے کنوینر ستنام سنگھ سندھو کی خصوصی دعوت پر تشریف لائےمولانا ڈاکٹر سید کلب رشید نے کہا کہ اگر کشمیری نوجوان تعلیم اور دیگر تکنیکی کورسز کے لیے اسکالرشپ حاصل کرنا شروع کر دیتے ہیں، تو پھر اس کی بنیاد پر وہ اپنی قابلیت سے عالمی سطح پر اعلیٰ مقام حاصل کر سکتے ہیں تاکہ نہ صرف جموں و کشمیر کا نام بلند ہو بلکہ ملک کو بھی ان پر فخر ہو۔

جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ جنرل منوج سنہا جو اس پروگرام میں مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے، انہوں نے مولانا ڈاکٹر کلب رشید کو اعزاز سے نوازتے ہوئے کہا کہ آج ملک عالمی سطح پر ترقی کر رہا ہے، اس سلسلے میں ہم سب کا تعاون ہے بہت اہم ہے، ہماری حکومت خاص طور پر کشمیری نوجوانوں کو تعلیم کے ذریعے ملک کے مرکزی دھارے سے جڑنے کے لیے کام کر رہی ہے تاکہ ان عناصر کو منہ توڑ جواب دیا جا سکے جو ہمیں توڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

چندی گڑھ یونیورسٹی کے چانسلر ستنام سنگھ سندھو نے مولانا ڈاکٹر کلب رشید کے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے لیے اسکالر شپ دینے کے مطالبے کو فوری طور پر قبول کرتے ہوئے اس بارے میں جلد حکم جاری کرنے کا یقین دلایا جس سے موجود ہزاروں طلبہ اور طالبات کے چہرے کھل گئے۔

مولانا ڈاکٹر کلب رشید نے اس اعلان پر خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم مل کر ہندوستان کو ایک نئی جہت دینے کے لیے اپنا سب کچھ قربان کر دیں گے، ہمیں آپ کے تعاون کی ضرورت ہے تاکہ ان غیر ملکی عناصر کو منہ توڑ جواب دیا جا سکے جو ہمیں توڑنے کے لیے شب و روز کوشاں ہیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .