حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، برادر کامران رضا سومرو مرکزی صدر اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان نے کہا: حضرت امام خمینی (رح) نے رمضان المبارک کے آخری جمعہ کے دن کو یوم القدس قرار دے کر مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور غاصب اسرائیل کے خلاف احتجاج کا حکم دیا۔ اس سلسلے میں اصغریہ پاکستان کے مرکزی صدر کے حکم پر پورے ملک میں یوم القدس کی آزادی اور فلسطینی مسلمانوں سے اظہار ہمدردی کے لیے جمعۃ الوداع کے روز اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان ،اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی طرف سے احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکال کر یوم القدس کی آزادی کے لیے بھرپُور احتجاج ریکارڈ کرایا۔
اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر برادر کامران رضا سومرو کی اپیل پر تمام تنظیمی ڈویژنز میں کراچی، حیدر آباد، میرپور خاص، نواب شاہ، خیرپور، رانیپور، سکھر ،پنوں عاقل، شکار پور، لاڑکاہ، جیکب آباد، گھوٹکی، اوباوڑو اور دوسرے شہروں میں احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے کئے گئے۔
رپورٹ کے مطابق مظاہرین کے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور تنظیمی جھنڈے تھے جو اسرائیل اور امریکہ کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔ ریلیوں سے تنظیمی دوستوں اور علماء کرام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیت المقدس کا دن صرف قدس کی آزادی کادن نہیں یہ دن ہر اس مظلوم کی حمایت کادن ہے جو امریکہ اور اسرائیل کی وجہ سے ظلم برداشت کر رہا ہے۔
مظاہرے میں شریک شرکاء کا کہنا تھا کہ بیت المقدس پر غاصب اسرائیل کا قبضہ کسی صورت میں برداشت نہیں کرینگے اور امت مسلمہ اپنی آخری سانس تک یہ تحریک جاری رکھے گی ، ہم امریکہ اور اسرائیل کو بتانا چاہتے ہیں کہ اپنا قبلہ درست کرے اور مظلوم فلسطینیوں پر ظلم و بربریت بند کردے اور وہ دن دور نہیں جب بیت المقدس آزاد ہو گا۔