حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کربلا میں یوم عاشور شہید ہونے والے معصوم بچوں کی یاد میں محرم کے پہلے جمعہ کو عالمی یوم علی اصغرؑ منایا جاتا ہے، یوم علی اصغر کے موقع پر ایران، ہندوستان، پاکستان، عراق، سعودی عرب، ترکی اور افغانستان سمیت دیگر کئی ممالک میں خصوصی تعزیتی مجالس منعقد کی جاتی ہیں۔ ان تعزیتی مجالس میں خواتین اپنے چھوٹے معصوم بچوں کو ایک جیسے کپڑے پہناتی ہیں اور سروں پر پٹیاں باندھتی ہیں جن پر حضرت علی اصغر کا نام لکھا جاتا ہے، اس طرح وہ پیغمبر اسلام (ص) کے اہل بیتؑ سے اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہیں، خواتین اپنے چھوٹے بچوں کو بانہوں میں لے کر مرثیہ اور نوحہ پڑھتی ہیں اور اس طرح کربلا کے ننھے شہید کو خراج عقیدت پیش کرتی ہیں ۔
قابل ذکر ہے کہ سنہ 2003 میں پہلی بار اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں عالمی یوم علی اصغرؑ کا انعقاد کیا گیا تھا، اس کے بعد سنہ 2004 میں تہران، شہر مشہد اور قم المقدسہ میں عالمی یوم علی اصغرؑ کا اہتمام کرنے والی کمیٹی کے تحت اس کا اہتمام کیا گیا، عالمی یوم علی اصغرؑ اس وقت دنیا کے 45 ممالک میں منایا جا رہا ہے جن میں ایران، سعودی عرب، یمن، عراق، ترکی، ہندوستان، پاکستان، سنگاپور، تھائی لینڈ، برطانیہ، جرمنی، سویڈن اور کئی افریقی ممالک شامل ہیں۔