حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل ضلع گجرات کے زیر اہتمام امام بارگاہ حسینیہ میں عظیم الشان شب قدر، یوم پاکستان اور قرآن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس عظیم الشان کانفرنس کی صدارت مرکزی جنرل سیکریٹری شیعہ علماء کو نسل پاکستان علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کی جبکہ مہمان خصوصی صوبائی امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم اور امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث سید الطاف الرحمان،زاہد علی اصغر مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیعہ علماء کونسل تھے۔
رپورٹ کے مطابق مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان سید الطاف عباس کاظمی نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ مہمانان گرامی میں علامہ اصغر یزدانی آرگنائزر شیعہ علماء کو نسل پنجاب، علامہ اشتیاق کاظمی سربراہ رابطہ کمیٹی شیعہ علماء کو نسل پنجاب، علامہ مختار حسین نقوی، علامہ تنویر رضوی، آغا سید مبارک موسوی، علامہ محمد زمان حسنیی، علامہ مہدی حسن، علامہ ذوالفقار قمی، صدر حسینیہ ٹرسٹ میر جواد حسین جعفری، سید چن پیر شاہ تھے۔
اس موقع پر ضلع بھر سے کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تینوں تحصیلوں کے عہدیدران نے اپنے صدور کے ہمراہ شرکت کی۔ مختلف ماتمی سنگتوں کے اراکین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے امام بارگاہ حسینیہ گجرات میں شیعہ علماء کو نسل پاکستان ضلع گجرات کے زیر اہتمام شب قدر، یوم پاکستان اور قرآن کانفرنس کے موقع پر خطاب کر تے ہو ئے کہا: 27ویں شب رمضان میں یہ انعامات حاصل ہوئے۔پاکستان میں امن و سلامتی کے لئے فرقہ ورانہ معاملات بہتر کر نے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا: نبی اکرم رسول معظم ﷺ اللہ کے آخری پیغمبر ہیں اور نبوت کے جھوٹ دعوے کرنے والوں سے قانون کے تقاضوں کے مطابق نپٹنا چاہیے۔
صوبائی امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا: قرآن مکمل ضابطۂ حیات ہے جس میں زندگی کے تمام شعبہ جات کے بارے میں مکمل راہنمائی موجود ہے اور اگر ہم قرآن پاک کی تعلیمات پر عمل کریں تو ہماری زندگیاں بہتر انداز میں گزر سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا: قرآن پاک توجہ مانگتا ہے۔ اگر ہم غور و فکر کریں تو ہم پر بہت سے رموز آشکار ہوتے ہیں جس سے ہمیں قرآن سے آشنائی ہوتی ہے اور ہم اپنی زندگیوں میں اس سے برکت حاصل کر سکتے ہیں۔ قرآن پاک سمجھنے اور عمل کئے جانے والی کتاب ہے۔ اگر ہم کو خدا کا قرب اور اس کی خوشنودی حاصل کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں قرآن سے دل لگانا ہو گا۔
قرآن ہماری آخرت کے ساتھ ساتھ ہماری دنیا کو سنوارنے کے لیے بھی ہے۔ اگر میں قرآن پاک کی روشنی میں اپنی زندگی کو سنوار لوں گا تو اللہ تعالیٰ میری آخرت خود بخود سنوار دیں گے۔
علامہ اصغر یزدانی نے کہا: امتِ مسلمہ کو ایک پلیٹ فارم پر لانے اور آپس کے اختلافات کو مٹانے کی ضرورت ہے۔ یہ کانفرنس اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔
مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیعہ علماء کونسل زاہد علی اصغر نے کہا: تمام مکاتب فکر مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کریں تاکہ پاکستان میں جاری تمام طاغوتی سازشیں مٹ سکیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ کانفرنس کے اختتام پر یوم پاکستان کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا اور ملکی یکجہتی کے لئے دعائیں کی گئیں۔ شرکاء کے لئے سحری کا وسیع انتظام بھی کیا گیا تھا۔