حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان دارالمصطفی کے اہتمام سے مرکزی امام باڑہ بڈگام ،قدیمی امام باڑہ حسن آباد سرینگرکے علاؤہ انجمن کے زیر انتظام جمعہ مراکز پر ’’یوم علی اصغر ‘‘ کا انعقاد کیا گیا جس میں ماؤں نےاپنے شیر خوار اور کمسن بچوں کو حضرت علی اصغر علیہ السلام سے منسوب لباس پہنا کر فرشِ عزا پر لایا اور اپنے بچوں کو امام زمانہ علیہ السلام کی نصرت اور مدد کے لئے ان کی حفاظت میں دیتے ہوئے اس بات کا عہد کیا کہ ظہور کے وقت ان کا فرزند امام زمانہ (عج) کا سپاہی بن کر آپ کا ساتھ دے گاان مجالسوں میں خواتین کی بھاری تعداد بالخصوص شیر خوار بچوں کی ماؤں نے اپنے ننھے شیر خوار بچوں کے ہمراہ شرکت کی۔
تصاویر دیکھیں:
انجمن شرعی کے زیر انتظام جمعہ مراکز پر یوم علی اصغرؑ کا انعقاد
اس موقعہ پر حوزہ علمیہ مکتبہ الزھراء حسن آباد سرینگرکے معلمات اور حوزہ علمیہ قم سےفارغ طالبات نے معرکہ کربلا میں خواتین اور اطفال کے کردار کی وضاحت کرتے ہوئے حضرت علی اصغرؑ کی جگر سوز شہادت کا پس منظر اور پیش منظر بیان کیا۔ کربلا کے خواتین کے عزم و ثبات کو سلام پیش کرتے ہوئے حضرت علی اصغرؑ کی شہادت کو سانحہ کربلا کا سب سے بڑا روح فرسا پہلو قرار دیا۔
حضرت علی اصغر کے واقعہ شہادت کی وضاحت کرتے ہوئے معلمات نے کہا کہ کربلا کے اس شیر خوار کی شہادت رہتی دنیا تک یزید اور یزیدی اقدام کا دفاع کرنے والی فکرو سوچ کو دنداں شکن جواب ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس معصوم شیر خوار کی شہادت نے دنیا پر واضح کیا کہ کربلا میں امام حسین کی مدمقابل قوت اور ان کے سرپرست مسلمان تو دور کی بات انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں۔ اس موقعہ پر کئی خواتین ذاکر ات نے مرثیہ خوانی کی۔