حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہر سال کی طرح امسال بھی امام بارگاہ محمدی ڈیرہ ملیر کراچی پاکستان میں بروزِ جمعہ عالمی یومِ علی اصغر کا شایانِ شان طریقے سے انعقاد کیا گیا، جس میں ماؤں نے اپنے شیرخوار بچوں کے ہمراہ کثیر تعداد میں شرکت کی اور حضرت علی اصغر علیہ السّلام سے عقیدت کا اظہار کیا۔
مجلسِ عزاء سے عالمہ حنا صاحبہ نے خطاب کیا اور حالاتِ حاضرہ اور ماؤں کی اپنے بچوں کی تربیت کے حوالے سے ذمہ داریوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
اس موقع پر گہوارۂ حضرت علی اصغر علیہ السّلام بھی برآمد کیا گیا۔
ملیر محمدی ڈیرہ کراچی میں منعقدہ یومِ علی اصغر علیہ السّلام کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں شیعہ خواتین کے علاوہ اہل سنت خواتین بھی سالوں سے اپنے شیر خوار بچوں کو لے کر بڑی تعداد میں شرکت کرتی ہیں۔
اس موقع پر بے اولاد مائیں جناب علی اصغر علیہ السّلام کے جھولے پر اپنی گود آباد ہونے کی دعا مانگتی ہیں اور باب الحوائج شہزادہ علی اصغر علیہ السّلام کے صدقے میں اپنی گودیاں آباد ہو جانے کے بعد اپنے شیر خوار بچوں کو کربلا کے اس ننھے مجاہد سے عہد نبھانے کے لیے حضرت علی اصغر علیہ السّلام سے منسوب سبز لباس پہنا کر فرش عزاء پر لے کر آتی ہیں۔
کراچی پاکستان میں پہلی بار محرم الحرام کے پہلے جمعے کو یومِ علی اصغر علیہ السّلام کا انعقاد، شہید سید ساجد حسین رضوی نے 2006 میں کروایا اور آج پاکستان بھر میں بلخصوص کراچی کے مختلف شہروں، علاقوں اور قصبوں میں یومِ علی اصغر علیہ السّلام پرجوش اور شایانِ شان طریقے سے منایا جاتا ہے۔









آپ کا تبصرہ