۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
مولانا کلب جواد نقوی

حوزہ/ کربلا کے میدان میں ششماہے علی اصغرؑ کی شہادت امام حسینؑ کی حقانیت کی بہترین دلیل ہے جسے پوری دنیا نے تسلیم کیاہے

لکھنؤ/ ماہ محرم الحرام کی نویں مجلس کوامام باڑہ غفران مآبؒ میں خطاب کرتے ہوئے مولانا سید کلب جواد نقوی نے کہاکہ پیغمبر اسلامؐ نے بارہا اپنی آل پاکؑ کے فضائل بیان کیے اور امت کو تاکید کی کہ میرے اہلبیتؑ کے ساتھ اچھا سلوک کرنا۔پیغمبر نے فرمایاکہ اگر دین لینا ہے تومیرے اہلبیتؑ سے لو ،اگر میری شریعت اور سنت لینا ہے تو ان سے لو ۔قرآن لینا ہے تو میرے اہلبیت ؑ سے لو۔آپ نے فرمایاکہ تم میں سب سے بہتر فیصلہ کرنے والا علیؑ ہے ۔اب اس سے زیادہ پیغمبرؐ اور کیا بیان کرتے ؟۔ غدیر خم کے میدان میں رسول اکرم نے علیؑ کی ولایت کا اعلان کرکےآپ کو امت پر حاکم قرار دیدیا۔اب لفظ ’مولا‘ کے معنی میں مسلمان اختلاف کرتے ہیں ۔لیکن اگر غدیر خم میں جو مبارکبادیں حضرت علی ؑ کو دی گئیں تو ان سے معلوم ہوجائے گا کہ مولا کے معنی کیا ہیں ۔ مبارکباد دیتے ہوئے کہا گیاکہ اے علیؑ مبارک ہو آج آپ ہمارے اور ہر مومن و مومنہ کے مولا ہوگئے ۔اس جملے کوبلا تفریق تمام محدثین اور مورخین نے نقل کیاہے ۔لہذا مسلمان جو معنی لفظ مولاکے پیش کرتے ہیں وہ اس جملے کی وضاحت میں صادق نہیں آتے ۔کیا وہ بزرگ صحابی یہ کہہ رہے تھے کہ اے علی ؑمبارک ہوآج آپ ہمارے اور ہر مومن و مومنہ کے پڑوسی ہوگئے ؟ اس سے معلوم ہوتاہے کہ لفظ مولاکے معنی حاکم اور ولی کے ہیں ۔

مولانانے کہاکہ ہم علی الاعلان اپنے عقیدے کا اعلان کرتے ہیں کہ ہم اصحاب رسولؓ کی عظمت کے قائل ہیں ۔ان کے قدموں کی خاک ہمارے سرآنکھوں پر ۔لیکن ہم اہلبیتؑ کو قرآن کریم اور رسولؐ کی احادیث کی روشنی میں سب سے افضل سے مانتے ہیں ۔مولانا نے واقعۂ معراج اور جنگ خیبر کو بیان کرتے ہوئے رسول اسلامؐ اور ان کی آل ؑ پاک کے فضائل و مناقب بیان کیے ۔

مجلس کے آخر میں مولانانے اما م حسینؑ کے چھ ماہ کے فرزند حضرت علی اصغرؑ کی شہادت بیان کرتے ہوئے کہاکہ کربلا کے میدان میں ششماہے علی اصغرؑ کی شہادت امام حسینؑ کی حقانیت کی بہترین دلیل ہے جسے پوری دنیا نے تسلیم کیاہے ۔واقعۂ شہادت پر مومنین نے بیحد گریہ کیا اور مجلس کے بعد حضرت علیؑ اصغر کی شہادت کی یاد میں نوحہ خوانی و سینہ زنی کی گئی ۔
 

تبصرہ ارسال

You are replying to: .