۸ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۸ شوال ۱۴۴۵ | Apr 27, 2024
عبد اللہیان

حوزہ/ ایران کے وزیر خارجہ نے سویڈن اور ڈنمارک میں قرآن مجید کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس مسئلے پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ نے سویڈن اور ڈنمارک میں قرآن مجید کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس مسئلے پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ جمعرات کو ایک بار پھر سویڈش پولیس کی اجازت سے مسلمانوں کی مقدس ترین کتاب قرآن مجید کی بے حرمتی کی گئی، جس پر دنیا بھر کے مسلمانوں اور مسلم ممالک نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

سویڈن میں بے حرمتی کے واقعات کے بعد دائیں بازو کے ایک گروپ نے ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں عراقی سفارت خانے کے سامنے قرآن کا نسخہ نذر آتش کیا اور کتاب خدا کی بے حرمتی کی۔

ہفتے کے روز ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اپنے متحدہ عرب امارات کے ہم منصب عبداللہ بن زاید آل نہیان کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں ان واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ذلت آمیز واقعات سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسی توہین آمیز حرکتوں کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی ضرورت ہے۔

متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نے قرآن مجید کی بے حرمتی کی بھی شدید مذمت کی اور او آئی سی اجلاس کی تجویز کا خیر مقدم کیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .