حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت المسلمین شگر بلتستان پاکستان کے زیر اہتمام تجلیل قرآن اور القدس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، پروگرام سے صدر مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان مجاہد ملت آغا سید علی رضوی، صدر مجلس وحدت مسلمین ضلع شگر شیخ کاظم شگری، صوبائی نائب صدر مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شیخ اشرف شگری، شیخ محمدجان حیدری، شیخ اختر عباس اور دیگر نے خطاب کیا۔
مقررین نے عظمت قرآن اور قرآنی طرز زندگی کی محوریت میں مستضعفین جہاں کی نصرت، خصوصاً فلسطین میں موجود مسلمانوں اور القدس کی آزادی کےلئے اپنا رول پلے کرنے پر زور دیا اور خطہ کے موجودہ حالات کے تناظر میں بیداری اور شعور کیساتھ دشمنوں سے مقابلہ کرنے کا درس دیا۔
مقررین نے کہا کہ گلگت بلتستان میں بیرونی سرمایہ کاری اور تہذیبی اقدار کے خلاف سازشیں قابل غور ہیں، لہٰذا جی بی کی باشعور ملت اپنے مثالی معاشرہ کی بقا کے لئے تہذیب و تمدن کو بچانے کی کوشش کریں اور سازشوں کا بھرپور مقابلہ کریں۔
تجلیل قرآن اور القدس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے مزید کہا کہ قران مجید اور تعلیمات پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اہل بیت عصمت وطہارت علیہم السلام نے ہمیں تمام تر امور میں اجتماعیت کا درس دیا ہے، اجتماعیت میں ہی بشریت کی عزت ہے اور قومیں ترقی کی منازل طے کرتی ہیں۔