حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مدرسہ المصطفیٰ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جیکب آباد میں منعقدہ تقریب میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، ضلعی رہنما وسیم لطیف مہر، مجلس علمائے شیعہ کے ضلعی صدر علامہ سیف علی ڈومکی، ڈی ایس پی شاہ زمان ڈھر، کونسلر دلمراد لاشاری، اھل سنت کے رہنما اسد جمیل انجینئر، عید محمد ڈومکی، نصر اللہ خان ڈومکی، انجینئر اکبر علی لاشاری، بزرگ رہنما سید لعل شاہ بخاری، سب انسپکٹر طارق اکبر جاگیرانی اور تنویر عباس برڑو و دیگر رہنماؤں نے بچوں اور بچیوں میں عید گفٹ تقسیم کئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان عوام کی خدمت کو عبادت سمجھتی ہے کیونکہ انبیاء کرام اور آئمہ اہل بیت علیہم السلام کی سیرت طیبہ میں ہمیں معاشرے کے غریب اور پسماندہ طبقات کی خدمت کی اعلی ترین مثالیں نظر آتی ہیں حضرت امام علی علیہ السلام اپنی پشت مبارک پر غریبوں کے لئے آٹا اور روٹیاں لے جاتے تھے۔ جبکہ آپ یتیموں سے اتنی شفقت اور محبت فرماتے تھے کہ آپ کا لقب ابوالیتامی یعنی یتیموں کا باپ قرار پایا۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے کے غریب اور مستحق بچوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے کے لئے آج ایک سو یتیم اور مستحق بچوں میں عید گفٹ تقسیم کئے گئے۔
پروگرام کے اختتام پر شرکاء کے لئے دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا۔