حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع نصیر آباد کے گاؤں میر ہزار خان لہر کا دورہ کیا اور اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماہ مبارک رمضان کا آخری جمعہ مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے مخصوص ہے۔ دنیا بھر کے عوام مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے میدان میں آئیں۔ رہبر کبیر حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے عالمی یوم القدس کا اعلان کر کے قبلہ اول بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کی تحریک آزادی میں نئی روح پھونک دی۔ ان شاءاللہ بیت المقدس جلد آزاد ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ 75 سال سے فلسطینی عوام کے خلاف غاصب اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے۔ اسرائیلی مظالم کے خلاف دنیا بھر کے ہر باضمیر انسان کو بولنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح اور حکیم الامت حضرت علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ نے اسرائیل کو ایک غاصب اور ناجائز ریاست قرار دیا تھا۔ قائد اعظم کے پاکستان میں غاصب اسرائیل کے لئے کوئی جگہ نہیں امریکہ اور اسرائیل کے ٹکڑوں پر پلنے والے خائنوں کی جانب سے غاصب اسرائیل سے تعلقات کی بحالی کی تمام تر سازشیں ناکام ہوں گی۔
اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے مستحق طلباء و طالبات میں گفٹس تقسیم کئے۔