حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے رانی پور پہنچ کر ضلعی صدر ایم ڈبلیو ایم خیر پور علامہ صفدر علی ملاح، ضلعی نائب صدر ضمیر حسین اور ضلعی سیکرٹری برادر فدا حسین سولنگی سے ملاقات کی ہے۔
دورے کے دوران، علامہ مقصود علی ڈومکی نے مدرسه شریکۃ الحسین علیہ السلام کی طالبات کو درس بھی دیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آسمانی کتابوں میں روئے زمین پر صالحین کی حکومت کا جو وعدہ کیا ہے وہ سچ ہے۔ تیزی سے بدلتے عالمی حالات اس عالمی اسلامی انقلاب کی نوید سنا رہے ہیں۔ دنیا اس وقت ظلم و جور سے بھری ہوئی ہے اور انسانیت ایک مسیحا کے انتظار میں ہے جو دنیا کو عدل و انصاف سے بھر دے۔
انہوں نے کہا کہ اصلاح معاشرہ کی تحریک میں خواتین کا بڑا اہم کردار ہے خواتین پر آئندہ نسل کی تعلیم و تربیت کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ مدرسہ شریکہ الحسین نے حفظ قرآن کریم اور دینی تعلیمات کے حوالے سے قابل قدر خدمات انجام دی ہیں۔ قرآن کریم کتاب ھدایت اور مکمل نظام حیات ہے۔
علامہ مقصود نے کہا کہ ماہ مبارک رمضان نزول قرآن کریم کا مہینہ ہے بہار قرآن کے مہینے میں ہمیں تلاوت قرآن کریم اور قرآن فہمی پر خصوصی توجہ دینی چاہیئے۔