۳۱ فروردین ۱۴۰۳ |۱۰ شوال ۱۴۴۵ | Apr 19, 2024
مولانا علی حیدر فرشتہ

حوزہ/ ہم لوگوں سے مخلصانہ اپیل کرتے ہیں کہ اس رحمت و برکت و مغفرت کے مہینہ میں جتنا زیادہ سے زیادہ ہو سکے اپنا قیمتی وقت عبادت اور تلاوت قرآن میں گزاریں اور غریبوں،محتاجوں، کا خیال رکھیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجمع علماء و خطباء حیدرآباد دکن کا ماہ رمضان سے متعلق اہم پیغام جاری کیا جس کا متن حسب ذیل ہے:


بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم
’’اے ایمان والو!تم پر روزے فرض کیے گئے جیسے تم سے پہلے لوگوں پر فرض کئے گئے تھے تا کہ تم پرہیز گار بن جاؤ(سوہ بقرہ،آیت ۱۸۳)

خداوند کریم کا بے پایاں احسان و امتنان ہے کہ اس نے ایک بار پھر ہم سب کو ماہ مبارک رمضان کے استقبال کر نے کا موقع نصیب فرمایا۔

امام علیؑ سے منقول ہے کہ شعبان المعظم کے مہینے کے آخری دنوں میں پیغمبر خدا (ص) نے صحابہ کے اجتماع سے خطاب کیا اور فرمایا: اے لوگو خدا کا برکت ، رحمت اور مغفرت سے بھرپور مہینہ آرہا ہے ، یہ ایک ایسا مہینہ ہے جو تمام مہینوں سے بہتر ہے اس کے دن تمام دنوں سے بہتر اور اس کی راتیں تمام راتوں سے بہتر ہیں اس کے ساعات ولحظات تمام ساعات ولحظات سے افضل ہیں ۔ یہ ایک ایسا مہینہ ہے جس میں تمہیں اللہ کے یہاں دعوت دی گئی ہے اور تم لوگ کرامت خدا کے مہمان قرار پائے ہو، اس مہینے میں تمہارا سانس لینا تسبیح اور سونا عبادت ہے، اعمال مقبول اور دعائیں مستجاب ہیں۔

لہذا تم سب کو اس مہینے میں نیک اور سچی نیتوں اور پاک دلوں کے ساتھ اللہ سے سوال کرنا چاہئے کہ تمہیں اس مہینے کے روزہ رکھنے اور قرآن پاک کی تلاوت کرنے کی توفیق عنایت کرے ، کیونکہ بدبخت ہے وہ شخص جو اس بابرکت مہینے میں غفران الہیٰ سے محروم رہا ۔

ہم مجمع علماءوخطباء حیدرآباد دکن کی جانب سے اس ماہ مبارک کی آمد آمد پر خلوص دل سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے مخلصانہ اپیل کرتے ہیں کہ اس رحمت و برکت و مغفرت کے مہینہ میں جتنا زیادہ سے زیادہ ہو سکے اپنا قیمتی وقت عبادت اور تلاوت قرآن میں گزاریں اور غریبوں، محتاجوں، کا خیال رکھیں، آپسی اتحاد و بھائی چارہ قائم کریں ، صاحبِ ثروت افراد انفاق اور صدقہ کے ذریعہ اپنی انسانی اور دینی ذمہ داری پوری کریں۔ اپنے پڑوسیوں اور دینی و مذہبی بھائیوں کے ساتھ حسن سلوک کا برتاؤ کریں ،صلہ رحمی کریں ۔قران و اہل بیت ؑ سے بھرپور تمسک اختیار کریں،حضرت امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کے ظہور پر نور کے لئے خصوصی دعائیں مانگیں۔

فقط والسلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ
حجۃ الاسلا م والمسلمین مولانا علی حیدر فرشتہ
تاریخ :۲۱؍مارچ ۲۰۲۳ء

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .