۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
ایم ڈبلیو ایم کراچی پاکستان کی جانب سے استقبال ماہ رمضان کانفرنس کا انعقاد:

حوزه/ ایم ڈبلیو ایم کراچی پاکستان کی جانب سے مسجد سید الشہداء، آئی آر سی میں استقبال ماہ رمضان و دعا کا انعقاد کیا گیا۔

حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایم ڈبلیو ایم کراچی پاکستان کی جانب سے مسجد سید الشہداء، آئی آر سی میں استقبال ماہ رمضان و دعا کا انعقاد کیا گیا اور اس پروگرام میں کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کانفرنس کا باقاعدہ آغاز، تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد دعائے کمیل کی تلاوت مولانا قمر عباس نجفی نے کی۔ بعد ازاں منقبت خواں میثم جعفری اور مجلس وحدت مسلمین کے امیدوار برائے کونسلر وفا عباس نے منقبت پیش کی۔

اس کانفرنس سے علامہ سید حسن ظفر نقوی، علامہ مختار احمد امامی، علامہ صادق جعفری، علامہ نشان حیدر ساجدی، علامہ حیات عباس نجفی اور علامہ ملک غلام عباس نے خطاب کیا۔

مقررین نے ماہ رمضان المبارک کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم میں اس ماہ مبارک کی فضلیت اور خصوصیت بیان کرتے ہوئے ارشاد خداوندی ہے کہ ماہ مبارک رمضان وہ ہے، جس میں قرآن نازل کیا گیا، جو لوگوں کیلئے ہدایت ہے، پیغمبر اکرمؐ کا ارشاد گرامی ہے کہ رمضان کو رمضان اس لئے کہا جاتا ہے کہ وہ گناہوں کو جلا دیتا ہے، اسی طرح دختر پیغمبر اکرم حضرت فاطمہ زہراؑ نے فرمایا کہ خداوند تعالیٰ نے روزے کو اس لئے واجب کیا ہے تاکہ لوگوں کے اخلاص کو محکم کرے۔

انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں امت مسلمہ کو جس سنگین صورت حال کا سامنا ہے اس کی اصلاح کا ایک ذریعہ تطہیر نفس ہے اور رمضان المبارک تزکیہ نفس کیلئے بہترین مہینہ قرار دیا گیا ہے، امت مسلمہ کیلئے لازم ہے کہ وہ ماہ مبارک کی برکتوں کو سمیٹنے کی ہر ممکن کوشش کرے اور تزکیہ نفس کی خاطر عبادت و ریاضت کے مراحل پورے خلوص نیت اور تندہی سے انجام دے کیونکہ امت مسلمہ کے اندر بدامنی، ظلم و جور اور ناانصافی کا خاتمہ بھی تطہیر نفس سے ہی ممکن ہے۔

مقررین نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد پر حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عوام کیلئے بنیادی اشیائے ضروریہ کی فوری اور سستی فراہمی کو یقینی بنائے، بدامنی و دہشتگردی پر قابو پاکر عوام کو امن و تحفظ فراہم کرے۔

پروگرام کے اختتام پر شہدائے ملت جعفریہ کیلئے فاتحہ اور علامہ سید ناظر عباس تقوی کی خیر و عافیت وطن واپسی کیلئے دعا کی گئی۔ دعائے امام زمانہ (عج) کی تلاوت علامہ نشان حیدر ساجدی نے کی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .