۲۲ آذر ۱۴۰۳ |۱۰ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 12, 2024
علامہ ساجد نقوی

حوزہ / علامہ سید ساجد علی نقوی نے ماہ مبارک رمضان 1445ھ  کے آغاز پر اپنا پیغام جاری کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے ماہ مبارک رمضان 1445ھ کے آغاز پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قرآن کریم میں اس ماہ مبارک کی فضلیت اور خصوصیت بیان کرتے ہوئے ارشاد خداوندی ہے کہ "ماہ مبارک رمضان وہ ہے جس میں قرآن نازل کیا گیا، جو لوگوں کے لئے ہدایت ہے"۔

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے کہ "انما سمی رمضان لان رمضان یرمض الذنوب" یعنی رمضان کو رمضان اس لئے کہا جاتا ہے کہ وہ گناہوں کو جلا دیتا ہے اسی طرح دختر پیغمبر اکرم حضرت فاطمہ زہرا نے فرمایا ''فرض اللہ الصیام تثبیتا للاخلاص خداوند تعالی نے روزے کو اس لئے واجب کیا ہے تاکہ لوگوں کے اخلاص کو محکم کرے۔

'انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں امت مسلمہ کو جس معاشرتی، معاشی اور سیاسی سنگین صورت حال کا سامنا ہے اس کی اصلاح کا بہترین ذریعہ ماہ مبارک رمضان ہے۔

علامہ ساجد نقوی کے مطابق رمضان المبارک کی آمد پر ایک طرف حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عوام کے لئے بنیادی اشیائے ضروریہ کی فوری اور سستی فراہمی کو یقینی بنائے۔ بدامنی اور دہشتگردی پر قابو پا کر عوام کو امن و تحفظ فراہم کرے اور احترام ماہ صیام کو ہر حوالے سے یقینی بنائے جبکہ دوسری جانب امت مسلمہ کے لئے لازم ہے کہ وہ ماہ مبارک کی برکتوں کو سمیٹنے کی ہر ممکن کوشش کرے اور تزکیہ نفس کی خاطر عبادت و ریاضت کے مراحل پورے خلوص نیت اور تن دہی سے انجام دے کیونکہ امت مسلمہ کے اندر خلفشار، بدامنی اور معاشرتی ناانصافی کا خاتمہ بھی تطہیر نفس سے ہی ممکن ہے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے یہ بات زور دے کر کہی کہ امت مسلمہ کیلئے ضروری ہے کہ وہ بالخصوص ماہ مبارک کے دوران وحی الہٰی کتاب قرآن کریم کی تلاوت اور اس کے مطالب کے مطالعے کو اپنی عادت بنائیں اور اس کے معانی و مفاہیم پر خصوصی توجہ دے اور اس میں موجود اسرار و رموز کا باریک بینی سے جائزہ لے اور انہیں اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی پر نافذ کرے تاکہ انسانیت فلاح و ہدایت کے راستے پر گامزن ہو کر دنیوی اور اخروی کامیابی سے ہمکنار ہو سکے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .