حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صوبہ بوشہر میں ولی فقیہ کے نمائندے حجت الاسلام والمسلمین صفائی بوشہری نے صوبہ بوشہر کے قرآنی پروگرام کے حوالے سے ایک اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں انجام دئے جانے والے اعمال کا ثواب دیگر مہینوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔
حجت الاسلام والمسلمین صفائی بوشہری نے رمضان المبارک میں قراءت قرآن کریم کے معیار کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا اور کہا کہ مسلسل مشق کے ذریعے قاریان قرآن کے معیار کو بلند کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے پروگرام میں اعلیٰ معیار کے قاریوں کو ترجیح دی جائے اور قرائت کے ٹیکنیکل معیارات کا خیال رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ بوشہر ماضی میں قرآن خوانی کے میدان میں ملک کے بہترین صوبوں میں سے ایک تھا اور صحیح منصوبہ بندی اور محنت سے اس مقام کو دوبارہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے صوبہ بوشہر کے قرآنی مقام کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ بوشہر کو قرآنی دارالحکومت کے طور پر پیش کیا جائے اور پروگراموں کو اعلیٰ معیار پر پیش کیا جائے۔
حجت الاسلام والمسلمین صفائی بوشہری کے مطابق، رمضان المبارک کے موقع پر معنویت اور روحانیت کے فروغ کے لیے قرآنی پروگرام منعقد کئے جائیں اور اس سلسلے میں ایک جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے تاکہ معاشرے کی روحانی اور ثقافتی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔
آپ کا تبصرہ