حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مدرسه خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کوئٹہ پاکستان کے زیر اہتمام حضرت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت اور عالمی یوم القدس کے حوالے سے کوئز اور مضمون نویسی مقابلے کا اہتمام کیا گیا اور دونوں مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے انعامات تقسیم کئے۔
انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کی حیات طیبہ ہمارے لئے بہترین نمونہ عمل ہے۔ زمانے کے بدلتے حالات میں آئمہ اہل بیت علیہم السلام نے ہر دور کے مطابق حکمت عملی اختیار کی۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حضرت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام اور حضرت امام حسین علیہ السلام کی حکمت عملی میں کوئی تضاد نہیں، بلکہ مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ قیام امام حسین علیہ السلام در حقیقت صلح امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کا تسلسل ہے۔
انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات آئمہ اہل بیت علیہم السلام کی سیرت طیبہ کا بغور مطالعہ کریں جو ہم سب کے لئے مشعل راہ ہے۔ رہبر معظم حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ائ کی کتاب ڈھائی سو سالہ انسان سیرت آئمہ ھدی علیہم السلام پر بہترین کتاب ہے۔
ایم ڈبلیو ایم کے رہنما نے کہا کہ قبلہ اول بیت المقدس پر یہودی صہیونی قبضہ اور فلسطینیوں پر ظلم و بربریت اور تحریک آزادی فلسطین کا مطالعہ ہماری نوجوان نسل کے لئے بہت ضروری ہے۔