حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت المسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی کی اقتداء میں شیعہ عیدگاہ جیکب آباد بلوچستان میں نماز عید الفطر ادا کر دی گئی۔
انہوں نے عید کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ توہین صحابہ بل کا مقصد دشمنان اہل بیت اور باغی گروہ کو تقدس کا لباس پہنا کر ان کا احترام کروانا ہے امت مسلمہ کبھی بھی آل محمد علیہم السلام کے دشمنوں کا احترام نہیں کر سکتی۔ شیعہ سنی مسلمان مل کر اس متنازعہ بل کو رد کر کے ردی کی ٹوکری میں پھینک دیں گے۔
علامہ مقصود علی نے کہا کہ قبائلی تنازعات کے نام پر معصوم انسانوں کا قتل انتہائی شرمناک عمل ہے۔ علمائے کرام اور مذہبی اور قبائلی رہنما معاشرے میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت اور انتقام کی آگ بجھانے کے لئے قرآن و سنت کی عفو و درگزر پر مبنی تعلیمات کو عام کریں۔ کشمور ضلع میں بدامنی اغواء برائے تاوان اور قبائلی تنازعات کے نام پر قتل عام انتہائی خطر ناک صورتحال اختیار کر چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے مسجد اور منبر عوام کی مشکلات اور مسائل سے مکمل لاتعلق بنا ہوا ہے جبکہ 95 فیصد نماز جمعہ کے اجتماعات بھی عربی خطبات پر مبنی حالات حاضرہ سے لا تعلق ہوتے ہیں۔
ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما نے علمائے کرام سے اپیل کی کہ وہ حالات حاضرہ پر گفتگو کرتے ہوئے عوام کی درست سمت میں رہنمائی کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیت المقدس کی آزادی کا ھدف قریب آچکا ہے اسرائیل غاصب جلد اپنے منطقی انجام کو پہنچے گا۔