حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مدرسہ المصطفی خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کوئٹہ میں شہدائے پارا چنار کی یاد میں شمعیں روشن کرکے شہدائے راہ حق کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ پارا چنار کے مظلوم شہداء کی المناک شہادت پر پوری ملت سوگوار ہے۔ قائد شہید حضرت علامہ سید عارف حسین الحسینی رحمۃ اللہ علیہ کی نسبت سے سرزمین پارا چنار پاکستان بھر کے عاشقان اہل بیت علیہم السلام کی محبت کا مرکز ہے۔ ایک سازش کے تحت جان بوجھ کر پارا چنار کے حالات خراب کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی ادارے قوم کو بتائیں کہ ان دہشت گردوں کی سرپرستی کون کرتا ہے آخر اسی ہزار پاکستانی شہداء کے قاتلوں کو آج تک سزا کیوں نہیں ملی؟ اس کا ذمہ دار کون ہے۔
علامہ مقصود علی نے کہا کہ پارا چنار میں دھشت گردی کے خلاف احتجاج کرنے پر اسلام آباد میں ایم ڈبلیو ایم کے قائدین پر ایف آئی آر کا اندراج شرمناک حرکت ہے۔ حکومت دہشت گردوں کے سامنے بے بس ہے۔ جبکہ پر امن شہریوں کے خلاف مقدمات کا اندراج حکومتی نا اہلی کی دلیل ہے۔
انہوں نے کہا کہ شجاعت کے ساتھ پاکستانی عوام کی درست سمت میں رہنمائی اور ملت جعفریہ کے حقوق کا جرئت مندانہ مقدمہ لڑنے کے باعث مجلس وحدت مسلمین دشمن کے آنکھوں میں کانٹے کی طرح چبھ رہی ہیں ایم ڈبلیو ایم جیسی الہی تنظیم کے خلاف سازشیں کرنے والے ہمارے عزم و استقامت کے آگے ناکام ہو جائیں گے۔