۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
آیت الله بشیر نجفی

حوزہ/ کرم ایجنسی (پاراچنار ) کے حالیہ واقعات پر مرجع تقلید حضرت آيت الله العظمیٰ الحاج حافظ بشير حسين نجفی (دام ظلہ الوارف) کی طرف سے بیان۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،کرم ایجنسی (پاراچنار ) کے حالیہ واقعات پر مرجع تقلید حضرت آيت الله العظمیٰ الحاج حافظ بشير حسين نجفی (دام ظلہ الوارف) کی طرف سے بیان؛

کرم ایجنسی ( پارا چنار ) کے اپنے عزیزوں کی خدمت میں۔

بسم الله الرحمن الرحيم

قال الله سبحانه: (مِنَ الْمُؤْمِنِينَ رِجَالٌ صَدَقُوا مَا عَاهَدُوا اللَّهَ عَلَيْهِ ۖ فَمِنْهُمْ مَنْ قَضَىٰ نَحْبَهُ وَمِنْهُمْ مَنْ يَنْتَظِرُ ۖ وَمَا بَدَّلُوا تَبْدِيلًا(صدق اللہ العلي العظیم).

بہت ہی افسوس کے ساتھ گذشتہ کئی دنوں سے کرم ایجنسی ( پارا چنار ) کے متعلق تشویشناک خبریں موصول ہو رہی ہیں حکومتی اور سیکورٹی کے ذمہ دار تمام اداروں کی نظروں کے سامنے دہشت گرد مومنین کرام کو اپنے ظلم و ستم کا مسلسل نشانہ بنا رہے ہیں ، حیرت کی بات ہے کب تک وہ قوم اپنے کاندھوں پر اپنے جوانوں کے جنازے اٹھاتی رہیگی جس کا پاکستان کی اساس و بنیاد میں بنیادی کردار تھا اور ہے ، سمجھ سے باہر ہے کہ کیا ان دہشت گردوں کے سرغناؤں کا اتنا اثر و رسوخ ہے کہ ملک کے تمام ادارے عاجز ہیں ؟

حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ ملک کے ہرشہری کو امن و امان فراہم کرے اور عملی اقدام کرے تاکہ شہریوں کو احساس ہو کہ حکومت اور ادارے زباں خرچیوں سے ہٹ کر عملی اقدام پر یقین بھی رکھتے ہیں اور سب پر واضح رہے کہ دنیا کے بہت سے ممالک ہیں کہ جہاں مختلف ادیان و مذاہب پر عمل کرنے والے اپنے اپنے دین و عقیدے پر عمل پیرا ہونے کے ساتھ ساتھ مل کر پُر امن طریقے سے زندگی بسر کر رہے ہیں ، حضرات علماء کرام اور باثر افراد پُر امن باہمی زندگی کو فروغ دینے پر جدیت کے ساتھ اپنا اپنا کردار ادا کریں اور مومنین کرام اس مشکل وقت میں اپنے بھائیوں کو دہشت گردوں کے جھرمٹ میں اکیلا نہ چھوڑیں کم از کم انہیں اپنی دعاؤں میں ضرور شامل رکھیں۔

میرے عزیزو! صحیح ہے کہ ہم آپ سے میلوں دور ہیں اور آپ کی خدمت میں حاضر نہیں ہو پاتے لیکن آپ ہمارے دل میں ہیں، ہماری دعاؤں میں ہیں اور صرف ہماری دعاؤں میں ہی نہیں بلکہ خدا کی رحمت اور اہل بیت علیہم السلام کا لطف و کرم بھی آپ کے ساتھ ہے اور ہمارے شہداء جوارِ اہل بیت علیہم السلام میں ہیں اور ان کی خصوصی شفاعت کے حصار میں ہیں۔امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کی نظر رحمت آپ کے شامل حال ہے۔ وَسَيَعْلَمُ الَّذِينَ ظَلَمُوا أَيَّ مُنقَلَبٍ يَنقَلِبُونَ ولا حول ولا قوة إلا بالله العلی العظیم ۔

والسلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ

بشیر حسین نجفی

نجف اشرف عراق

۲۱ محرم الحرام ۱۴۴۶

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .