حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے جامع مسجد امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام جیکب آباد میں یوم انہدام جنت البقیع کی مناسبت سے خطاب کرتے ہوئے جنت البقیع کی تعمیر نو کا مطالبہ کیا ہے۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ آل رسول کے مقدس مزارات اھل اسلام کی محبت اور عقیدت کا مرکز ہیں تمام مکاتب فکر کے مسلمان اہل بیت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مقدس مزارات کا احترام کرتے ہوئے ان کی بارگاہ میں حاضری کو عظیم عبادت اور سعادت سمجھتے ہیں۔ آل سعود نے جنت البقیع اور جنت المعلیٰ میں واقع آل رسول کے مقدس مزارات منہدم کرکے بے مثال جرم کا ارتکاب کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک صدی قبل آل سعود نے وہابی افکار کی پیروی کرتے ہوئے آئمہ ھدی اہل بیت اطہار علیہم السلام صحابہ کرام رضی اللہ عنھم اور اولیائے کرام کے مزارات کی توہین کی جس پر پوری دنیا کے مسلمانوں نے شدید غم و غصّے کا اظہار کیا آج آل سعود خود وہابی افکار اور دین اسلام کی تعلیمات سے روگردان ہو چکے ہیں۔ سر زمین وحی پر رقص و سرود کی محفلیں فحاشی عریانی کی ترویج جوا اور سود کا کاروبار اور پھر دینی اقدار اور شعائر اللہ کا مذاق اڑانے جیسے سنگین جرائم نے خادم حرمین شریفین کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کر دیا ہے۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ آل سعود کو چاہیئے کہ وہ آل محمد علیہم السلام کے مقدس مزارات کی تعمیر نو میں رکاوٹ نا ڈالے۔ دنیا کے کروڑوں مسلمان خود ہی آل رسول کے مقدس مزارات کی تعمیر نو کریں گے۔ ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ پاکستانی قوم کی نمائندگی کرتے ہوئے سعودی حکومت سے باضابطہ طور پر جنت البقیع اور جنت المعلیٰ کے مقدس مزارات کی تعمیر نو کا مطالبہ کرے۔