۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
آئی ایس او کراچی

حوزه/ مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے یوم مردہ باد امریکہ کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر سب سے پہلے آئی ایس او نے امریکہ مردہ باد کا نعرہ لگایا جو آج ہر باضمیر کے دل کی آواز ہے، پاکستان میں اسرائیل کے حق میں اٹھنے والی آوازیں قائداعظم کے نظریہ سے غداری ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی ؒ کے فرمان پر 16 مئی یوم مردہ باد امریکہ بھرپور انداز میں منایا گیا۔

تفصیلات کے مطابق، مردہ باد امریکہ ریلی نمائش تا کراچی پریس کلب نکالی گئی۔ شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ 16 مئی تاریخ کا وہ سیاہ دن ہے کہ جب یہودی ریاست کے نام پر عالمی استکبار دہشت گرد ریاست امریکہ کی ایماء پر نہ صرف ایک قبضہ گروپ کو بطور ریاست اسرائیل تسلیم کرکے عالم انسانیت کی قلب میں خنجر گھونپا گیا بلکہ 16 مئی وہ دن ہے کہ جب امریکا نے ناجائز اولاد کے وجود کو نہ صرف سفارتی سطح پر تسلیم کیا بلکہ دوسرے کمزور ممالک کو بزور قوت تسلیم کروایا جس کے بعد سے اس دن کو قائد ملت جعفریہ شہید علامہ عارف حسین الحسینی ؒ نے یوم مردہ باد امریکا قرار دیا، آپ کے فرمان پر عمل کرتے ہوئے آئی ایس او پاکستان ملک بھر میں 16 مئی یوم مردہ باد امریکہ کے عنوان سے مناتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کے عالم انسانیت کیخلاف کیئے جانے والے مظالم اور اس کے پشت پناہ کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، عالمی دہشتگرد ریاست امریکہ اس کے ناجائز وجود کے قیام سے آج تک نہ صرف اسرائیل بلکہ کرہ ارض پر ہونے والی تمام بدعنوانیوں اور دہشتگردی کا ماسٹر مائنڈ ہے۔ مقررین کا مزید کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر دونوں امت مسلمہ کے اہم مسائل ہیں اور اس کا حل بھی اتحاد امت اور مزاحمت کے ذریعہ ہی ممکن ہے مگر افسوس چند اسلامی ممالک کے علاوہ مسلمان ممالک کے لئے مسئلہ فلسطین زبانی جمع خرچ تک محدود ہے، آج کشمیر میں بھارتی افواج کے غنڈے بلکل اسرائیلی طرز عمل اپنائے ہوئے ہیں اور انسانی حقوق کی دھجیاں اڑانے میں پیش پیش ہیں، آئے روز سینکڑوں بچے، بزرگ اور خواتیں ان کے مظالم کا شکار ہوتی ہیں مگر افسوس اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کے نام نہاد علمبراد بھی ان غیر انسانی کاروائیوں پر خاموش تماشائی نظر آتے۔

مقررین کا مزید کہنا تھا کہ آج پاکستان میں اسرائیل کے حق میں آوازیں اٹھ رہی ہیں جو بانیان پاکستان اور قائداعظم کے نظریہ سے غداری ہیں، ریاست پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے نظریہ کے دشمنوں کو کیفر کردار تک پہنچائے، پاکستان کی عوام اپنے وطن کے بانیان کے نظریہ پر کاربند ہیں اور کبھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے اور ایسی ہونے والی ہر کوشش کے خلاف سینہ سپر رہیں گے۔ مقررین میں مرکزی رہنماء شیعہ علماء کونسل پاکستان مولانا ناظر عباس تقوی، صدر مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن مولانا صادق جعفری، رہنما فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر صابر ابو مریم، مرکزی رہنما جمیعت علماء پاکستان مولانا عقیل انجم شامل تھے جبکہ ریلی میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ ریلی کے اختتام پر شرکاء ریلی نے امریکا و اسرائیل کے پرچم نذر آتش کئے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .