حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام زین العابدین انسٹیٹیوٹ آف تعلیماتِ قرآن و اہلبیت علیہم السّلام محرابپور سندھ کے مرکزی صدر محترم عاشق حسین سھتو نے 16 مئی یومِ مردہ باد امریکہ کی مناسبت سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 16 مئی کا دن عالم اسلام کے ایک عظیم مجاہد، شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینیؒ کے فرمان کی یاد دلاتا ہے، جنہوں نے اس دن کو "یومِ مردہ باد امریکہ و اسرائیل" قرار دے کر ظلم و استعمار کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ١٤/مئی دنیا کی تاریخ کا ایک ایسا منحوس ترین دن ہے کہ جب دنیا کے مختلف ممالک سے یہودیوں کو جمع کر کے فلسطین پر قبضہ کیا گیا اور وہاں اسرائیل نامی ایک غاصب صیہونی ریاست کی بنیاد رکھی گئی؛ ١٤ /مئی دنیا کے مسلمانوں کے لیے ذلت و پستی کا پیغام لایا کہ جب ایک ارب سے زیادہ مسلمان چند لاکھ یہودیوں کے ہاتھوں بے بس ہو گئے اور اُنہوں نے ایک صیہونی غاصب ریاست کو تسلیم کر لیا؛ صہیونیوں کی اسرائیل نامی ریاست کو استحکام بخشنے میں جہاں امریکہ نے دن رات ایک کیا وہاں غدار مسلم حکمرانوں نے بھی اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کی خاطر ایڑی چوٹی کا زور لگا دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ١٦ /مئی درحقیقت ایک غاصب صہیونی حکومت کے استحکام کے لیے امریکی حکومت کی جانب سے اُسے رسمی حکومت اور ایک یہودی ملک قرار دینے اور قبول کرنے کا اعلان ہے۔
امام زین العابدین انسٹیٹیوٹ آف تعلیماتِ قرآن و اہلبیت علیہم السّلام کے مرکزی صدر نے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل نے کس طرح فلسطین، قدس شریف، لبنان، افغانستان، عراق، شام اور دیگر مسلم ممالک میں نہ صرف خون بہایا، بلکہ مسلمانوں کی آزادی، خودمختاری اور اتحاد کو پامال کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم شہید قائدؒ کے اس پیغام کو دہراتے ہیں کہ "ہم امریکہ اور اسرائیل کے ظلم کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے؛ 16 کے دن ہمیں اپنے اتحاد، شعور، اور جدوجہد کو مزید مضبوط کرنا ہے، تاکہ ہم اس ظلم کے نظام کو للکار سکیں۔ یہ صرف نعرہ نہیں، بلکہ شعور، موقف، اور مزاحمت کی علامت ہے۔









آپ کا تبصرہ